12/June/2026

بلوچستان: بی ایل اے کے پشین اور قلعہ عبداللہ میں پولیس تھانوں پر حملے

👁️ 157 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
بلوچستان: بی ایل اے کے پشین اور قلعہ عبداللہ میں پولیس تھانوں پر حملے

بلوچستان: بی ایل اے کے پشین اور قلعہ عبداللہ میں پولیس تھانوں پر حملے

کوئٹہ (ڈیلی اردو) پاکستان کے شورش زدہ صوبہ  بلوچستان کے اضلاع پشین اور قلعہ عبداللہ میں مسلح دہشت گردوں نے دو پولیس تھانوں پر حملے کیے، تھانوں کو نقصان پہنچایا اور اہلکاروں سے اسلحہ چھین کر فرار ہو گئے۔

 

محکمہ داخلہ بلوچستان کے معاون برائے میڈیا بابر یوسفزئی کے مطابق قلعہ عبداللہ کے علاقے گیلو میں واقع پولیس چوکی پر حملہ کیا گیا۔

 

مقامی پولیس افسر کے مطابق مسلح دہشت گردوں کی بڑی تعداد نے گلستان کے سرحدی علاقے میں گیلو پولیس چوکی کو نشانہ بنایا، جہاں تھانے کو نقصان پہنچایا گیا اور اس کے بعض حصوں کو نذرِ آتش بھی کیا گیا۔

 

پولیس کے مطابق اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم حملہ آور دو ایس ایم جیز، ایک گاڑی اور ایک موٹر سائیکل ساتھ لے گئے۔

 

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری پہنچنے سے قبل ہی حملہ آور فرار ہو چکے تھے۔ یہ علاقہ ضلع نوشکی کی سرحد کے قریب واقع بتایا جاتا ہے۔

 

اسی روز ضلع پشین کے سرحدی علاقے دینار میں سلطان پولیس تھانے پر بھی حملہ کیا گیا۔ پولیس کے مطابق مسلح دہشت گردوں نے تھانے کو نقصان پہنچایا اور اہلکاروں سے اسلحہ چھین کر فرار ہو گئے۔

 

پشین پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد اور نقصانات کی مزید تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی اسی تھانے کی حدود میں نامعلوم افراد کی جانب سے محکمہ حیوانات کے شیپ فارم سے 400 سے زائد بھیڑیں لے جانے کا واقعہ پیش آیا تھا۔

 

یہ گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں پولیس تھانوں پر تیسرا حملہ ہے، اس سے قبل ضلع دکی میں نرہن پولیس تھانے پر بھی حملہ کیا گیا تھا، جس میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوا تھا۔

 

ان حملوں کی ذمہ داری کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کی جانب سے قبول کرنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C