10/May/2026

بنوں خودکش حملہ: فتح خیل چوکی تباہ، 14 پولیس و ایف سی اہلکار ہلاک، متعدد ملبے تلے دب گئے

👁️ 325 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
بنوں خودکش حملہ: فتح خیل چوکی تباہ، 14 پولیس و ایف سی اہلکار ہلاک، متعدد ملبے تلے دب گئے

بنوں خودکش حملہ: فتح خیل چوکی تباہ، 14 پولیس و ایف سی اہلکار ہلاک، متعدد ملبے تلے دب گئے

واشنگٹن (ش ح ط) پاکستان کے شورش زدہ صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس و ایف سی کی مشترکہ چوکی فتح خیل پر خودکش حملے میں 14 پولیس و ایف سی اہلکار ہلاک جبکہ متعدد اہلکار ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

 

پولیس ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے حملے میں ڈرونز بھی استعمال کیے، جبکہ دیگر اداروں کے اہلکار مدد کے لیے پہنچے تو دہشت گردوں نے ان پر بھی گھات لگا کر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں جانی نقصان کی اطلاعات ہیں۔

 

بنوں کے ریجنل پولیس افسر (آر پی او) سجاد خان کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق فتح خیل چوکی کی تباہ شدہ عمارت کے ملبے سے اب تک 12 پولیس اہلکاروں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ تین اہلکاروں کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔

 

پولیس کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر بنوں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

 

آر پی او آفس کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس کی اضافی نفری موقع پر پہنچ چکی ہے جبکہ علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر ریسکیو اور سرچ آپریشن جاری رکھا گیا ہے۔

 

ڈیلی اردو سے گفتگو کرتے ہوئے ایک مقامی پولیس اہلکار نے بتایا کہ دہشت گردوں نے بارودی مواد سے بھری گاڑی چوکی سے ٹکرا دی، جس کے بعد حملہ آوروں نے عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے پولیس پر فائرنگ کی۔

 

پولیس اہلکار کے مطابق ایک اور خودکش بمبار نے عمارت میں داخل ہوتے ہی خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

 

سرکاری ذرائع کے مطابق درجنوں مسلح حملہ آوروں نے چوکی کا گھیراؤ کر رکھا تھا جبکہ پولیس نے دیگر اضلاع سے اضافی نفری طلب کر لی تھی۔

 

علاقے میں کئی دھماکوں اور شدید فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔

 

عینی شاہدین اور سرکاری ذرائع کے مطابق دھماکوں کے نتیجے میں پولیس چوکی کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی جبکہ قریبی گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

 

حکام کے مطابق خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ چوکی میں 29 اہلکار اور عملے کے دیگر افراد تعینات تھے جبکہ مزید جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

 

دوسری جانب کالعدم تنظیم حافظ گل بہادر گروپ سے تعلق رکھنے والی اتحاد المجاہدین نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ 

 

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے فتح خیل چوکی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کے خلاف جنگ صرف خیبر پختونخوا کی نہیں بلکہ پورے ملک کی جنگ ہے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C