بھارتی ریاست گجرات میں فسادات: متاثرین کا کیس لڑنے والی وکیل کی گرفتاری پر احتجاج
👁️ 99 بار دیکھا گیا
بھارتی ریاست گجرات میں فسادات: متاثرین کا کیس لڑنے والی وکیل کی گرفتاری پر احتجاج
نئی دہلی (ڈیلی اردو/وی او اے) بھارتی ریاست گجرات کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) کی جانب سے سماجی کارکن تیستا سیتلواڈ کی گرفتاری پر سخت ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیموں نے فسادات میں ہلاک ہونے والے مسلمانوں کو قانونی معاونت کرنے والی وکیل کی گرفتاری پر تشویش کاا ظہار کیا ہے۔
تیستا سیتلواڈ انسانی حقوق کی نجی تنظیم ’سٹیزنس فار جسٹس اینڈ پیس‘ سے وابستہ ہیں اور کئی برسوں سے بھارت میں انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کر رہی ہیں۔ انہیں ہفتے کو گرفتار کیا گیا تھا۔
تیستا کو ممبئی میں ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا اور انہیں پہلے مقامی پولیس تھانے میں اور پھر احمد آباد لے جایا گیا۔
اس کے علاوہ ریاست کے سابق ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آر بی سری کمار کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
گجرات پولیس نے ان پر کئی الزامات لگائے ہیں جن میں فسادات کے سلسلے میں فرضی شواہد تیار کرنے کا الزام بھی شامل ہے۔
Gujarat | After taking activist Teesta Setalvad into custody, in connection with a case on her NGO, the Gujarat ATS team is en route to Ahmedabad from Mumbai. Visuals from Vapi. pic.twitter.com/d6gkTJsQ6T
— ANI (@ANI) June 25, 2022
انسانی حقوق کی متعدد تنظیموں اور وکلا نے اس گرفتاری پر گجرات پولیس اور سپریم کورٹ پر نکتہ چینی کی ہے۔
یہ گرفتاری وزیر اعظم نریندر مودی کو گجرات فسادات کے الزامات سے بری کیے جانے سے متعلق خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) کی رپورٹ کو چیلنج کرنے والی درخواست کو سپریم کورٹ کی جانب سے خارج کیے جانے کے ایک روز بعد عمل میں آئی۔
گجرات فسادات میں ہلاک ہونے والے کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ احسان جعفری کی بیوہ 84 سالہ ذکیہ جعفری اور تیستا سیتلواڈ نے ایس آئی ٹی کی رپورٹ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
سپریم کورٹ نے ان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے درخواست گزاروں کے خلاف سخت ریمارکس دیے تھے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا کہا تھا۔
گجرات فسادات کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کی ہدایت پر تشکیل دی جانے والی خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) نے اپنی رپورٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی کو الزامات سے بری کیا تھا اور کہا تھا کہ ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے۔
ذکیہ جعفری اور تیستا سیتلواڈ نے ایس آئی ٹی کی رپورٹ کو پہلے ذیلی عدالت پھر گجرات ہائی کورٹ اور پھر سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ سپریم کورٹ سے قبل دونوں عدالتوں نے بھی درخواست خارج کر دی تھی۔
انسانی حقوق کے بین الاقوامی ادارے ‘ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا’ نے ہفتے کو ایک بیان جاری کرکے گرفتاری کی مذمت کی اور کہا کہ یہ گرفتاری ان لوگوں کے خلاف انتظامیہ کی براہ راست انتقامی کارروائی ہے۔ جو اس کے انسانی حقوق کے ریکارڈ پر سوال اٹھانے کی جرات کرتے ہیں۔
Detention of prominent human rights activist @TeestaSetalvad by the Indian authorities is a direct reprisal against those who dare to question their human rights record. It sends a chilling message to the civil society & further shrinks the space for dissent in the country
— Amnesty India (@AIIndia) June 25, 2022
بیان میں گرفتاری کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے انہیں فوراً رہا کرنے اور سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کے محافظوں کے خلاف کارروائی کو بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
آل انڈیا ڈیموکریٹک ویمن ایسو سی ایشن (اے آئی ڈی ڈبلیو اے) نے بھی گرفتاری کی مذمت کی اور کہا کہ تیستا کو فوراً رہا کیا جائے اور ان کے خلاف معاملہ ختم کیا جائے۔
تنظیم نے ایک بیان میں کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے افسوس ناک طریقے سے ذکیہ جعفری کی درخواست خارج کیے جانے کے بعد گجرات پولیس نے تیستا کو جو کہ ذکیہ کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی تھیں، گرفتار کرنے میں کوئی تاخیر نہیں کی۔ انہیں ان کی قابلِ ذکر جرات کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
اقوام متحدہ کے ایک عہدے دار نے بھی تیستا کی گرفتاری پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انسانی حقوق کے کارکنوں سے متعلق اقوام متحدہ کی خصوصی ایلچی میری لوالور نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ تیستا نفرت اور امتیازی رویے کے خلاف ایک مضبوط آواز ہیں۔ انسانی حقوق کا دفاع کرنا جرم نہیں ہے۔ وہ ان کی رہائی اور بھارتی حکومت سے ان کے خلاف کارروائی بند کرنے کا مطالبہ کرتی ہوں۔
Deeply concerned by reports of #WHRD Teesta Setalvad being detained by Anti Terrorism Sqaud of Gujarat police. Teesta is a strong voice against hatred and discrimination. Defending human rights is not a crime. I call for her release and an end to persecution by #Indian state.
— Mary Lawlor UN Special Rapporteur HRDs (@MaryLawlorhrds) June 25, 2022
انڈین امریکن مسلم کونسل نے بھی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔ کونسل نے ایک بیان میں کہا کہ گجرات فسادات کے مبینہ ذمہ دار یا تو بری ہو چکے ہیں یا سزا یافتہ ہونے کے باوجود انہیں ضمانت مل گئی ہے۔ تیستا سیتلواڈ، آر بی سری کمار اور سنجیو بھٹ کو ان کی جرات کی وجہ سے ’فرضی الزامات‘ کی بنیاد پر ہدف بنایا جا رہا ہے۔
متعدد وکلا نے سپریم کورٹ کی جانب سے درخواست خارج کرنے اور یہ ریمارکس دینے پر کہ جو لوگ عدالتی عمل کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں، ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی ضرورت ہے، سپریم کورٹ کی مذمت کی ہے۔ جن میں آئین کے ایک ماہر اور قانونی اسکالر گوتم بھاٹیہ بھی شامل ہیں۔
وزیر داخلہ امت شاہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کہا تھا کہ ذکیہ جعفری، تیستا سیتلواڈ کی ہدایت پر کام کر رہی ہیں۔
انھوں نے خبررساں ایجنسی اے این آئی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ آج سپریم کورٹ نے کہا کہ ذکیہ جعفری کسی دوسرے کے کہنے پر کام کر رہی ہیں۔ امت شاہ نے الزام لگایا کہ این جی او نے کئی متاثرین کے حلف ناموں پر دستخط کیے اور انہیں پتا تک نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ تیستا سیتلواڈ کی این جی او یہ کام کر رہی ہے۔ یو پی اے حکومت نے اس این جی او کی مدد کی تھی۔
امت شاہ نے یہ بھی کہا کہ وزیر ِاعظم مودی نے گجرات فسادات سے متعلق جھوٹے الزامات کو 19 برس تک خاموشی سے برداشت کیا کیونکہ اس معاملے میں قانونی عمل جاری تھا۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے الزام عائد کیا ہے کہ فسادات کے وقت گجرات کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی کے خلاف تیستا سیتلواڈ کی مہم کے پیچھے کانگریس صدر سونیا گاندھی کا ہاتھ تھا۔
بی جے پی کی ترجمان سمبت پاترا نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اس معاملے کو گرم رکھنے کے ذمہ دار لوگوں کو پکارتے ہوئے سیتلواڈ کا نام لیا۔ سمبت پاترا نے سیتلواڈ پر فساد متاثرین کی مدد کے لیے اکٹھا کی گئی رقوم میں خردبرد اور اپنے اوپر خرچ کرنے کا الزام لگایا۔
گجرات فسادات کب اور کیوں ہوئے تھے؟
خیال رہے کہ 27 فروری 2002 کو ایودھیا سے لوٹنے والی سابر متی ایکسپریس کو گجرات کے گودھرا ریلوے اسٹیشن پہنچنے پر نذرِ آتش کر دیا گیا تھا جس میں 59 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں زیادہ تر تعداد ہندو یاتریوں کی تھی۔
اس کے بعد گودھرا سمیت پوری ریاست میں بدترین فسادات پھوٹ پڑے تھے جن میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ایک ہزار اور غیر سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دو ہزار مسلمان ہلاک ہوئے تھے۔
قبل ازیں جب بھی وزیر اعظم نریندر مودی سے گجرات فسادات کے سلسلے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ ان پر عائد کیے جانے والے الزامات ثابت نہیں ہو سکے ہیں۔ بی جے پی بھی ان پر لگائے جانے والے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتی رہی ہے۔
خیال رہے کہ فسادات شروع ہونے کے ایک روز بعد 28 فروری کو احمد آباد میں واقع مسلمانوں کے ایک رہائشی کمپلکس گلبرگ سوسائٹی پر فسادیوں نے حملہ کیا تھا جس میں کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ احسان جعفری سمیت 68 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
احسان جعفری کی بیوہ ذکیہ جعفری نے عدالت میں اپیل دائر کرکے اپنے شوہر احسان جعفری اور دیگر ہلاک شدگان کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے اس وقت کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی پر الزام عائد کیا تھا کہ فسادات بھڑکانے کی سازش میں وہ بھی شامل تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گلبرگ سوسائٹی میں حملے کے وقت ذکیہ پہلی منزل پر ایک کمرے میں چھپ گئی تھیں جس کی وجہ سے وہ محفوظ رہیں۔
بعدازاں انہوں نے 2006 میں فسادیوں کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی اور مسلمانوں کی ہلاکت کی سازش کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے شوہر نے پولیس اور اعلیٰ افسروں کو فون کیا مگر کسی نے مدد نہیں کی۔
یہ واقعہ گلبرگ قتل عام کیس کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ جو اس وقت ریاست میں ہونے والے دس بدترین فسادات میں سے ایک تھا۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
امریکہ ایران معاہدہ مکمل، آبنائے ہرمز کھل گئی، صدر ٹرمپ کا اعلان
15/June/2026 👁️ 121 بار دیکھا گیا
امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا، پاکستانی وزیراعظم
15/June/2026 👁️ 126 بار دیکھا گیا
غزہ میں اسرائیلی حملوں میں 6 فلسطینی ہلاک
15/June/2026 👁️ 102 بار دیکھا گیا
بیروت پر اسرائیلی حملے کے بعد ایران کا سخت ردعمل
15/June/2026 👁️ 111 بار دیکھا گیا
خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے 10 واقعات میں مائننگ بارودی مواد کے استعمال کا انکشاف
15/June/2026 👁️ 163 بار دیکھا گیا
بیروت پر اسرائیلی حملہ، حزب اللہ کے سینئر کمانڈر علی موسی دقدوق 5 ساتھیوں سمیت ہلاک
15/June/2026 👁️ 101 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
جنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 8827 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 4550 بار دیکھا گیاپاکستانی طیاروں کا کابل، پکتیکا، خوست اور جلال آباد میں فضائی حملہ، متعدد ہلاکتیں
10/October/2025 👁️ 3267 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ کے انتہائی مطلوب کمانڈر تہران طوری کے حملے میں پولیس افسر ہلاک
15/August/2025 👁️ 2448 بار دیکھا گیاکیا آپ کو معلوم ہے خام تیل کے ایک بیرل سے کتنے لیٹر پٹرول اور ڈیزل بنتا ہے؟
01/February/2019 👁️ 2086 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ نے پولیس افسر قیصر حسین کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرلی
26/August/2025 👁️ 1894 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C