16/November/2025

جنوبی وزیرستان: “وانا حملے اور اسلام آباد دھماکے کے تانے بانے افغانستان سے جڑے ہیں”، پاکستان

👁️ 418 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
جنوبی وزیرستان: “وانا حملے اور اسلام آباد دھماکے کے تانے بانے افغانستان سے جڑے ہیں”، پاکستان

جنوبی وزیرستان: “وانا حملے اور اسلام آباد دھماکے کے تانے بانے افغانستان سے جڑے ہیں”، پاکستان

وانا (نمائندہ ڈیلی اردو/بی بی سی) پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کر دیا ہے کہ دہشت گردی کی روک تھام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔

 

وزیر داخلہ محسن نقوی نے سنیچر کو جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا کے کیڈٹ کالج کا دورہ کیا۔

 

محسن نقوی نے کہا کہ ہمارے دشمن آرمی پبلک سکول جیسی کارروائی کرنا چاہتے تھے لیکن ہماری افواج نے بروقت کارروائی سے حملہ ناکام بنا دیا۔

 

وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت سے کسی بھی معاملے پر آپ کے اختلافات یا ناراضگی ہو سکتی ہے لیکن کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ آسلحہ اُٹھا کر محاذ آرائی شروع کر دے۔

 

وزیر داخلہ نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کر دیا ہے کہ دہشت گردوں سے کوئی بات چیت نہیں ہو گی۔

 

یاد رہے کہ جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا میں کیڈٹ کالج میں پانچ شدت پسندوں نے حملہ کیا لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائی سے یہ حملہ ناکام بنا دیا تھا۔ حکومت کا کہنا تھا کہ اس آپریشن کے دوران 500 سے زائد طلبا کو بازیاب کروایا گیا۔

 

پاکستان کی فوج نے بتایا تھا کہ دہشت گردوں نے پہلے خود کش دھماکہ کیا، جس کے بعد چار شدت پسند کیڈٹ کالج میں داخل ہوئے۔

 

اس کے بعد آئی ایس پی آر نے وانا کیڈٹ کالج میں کیے جانے والے لگ بھگ 30 گھنٹے پر محیط آپریشن کی تفصیلات جاری کی تھیں۔

 

اس ویڈیو میں آپریشن کی کمان کرنے والے آفسر کرنل طاہر نے بتایا تھا کہ حملہ آوروں نے پہلے طلبا کو یرغمال بنانے کی کوشش کی، لیکن فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس کوشش کو ناکام بنا دیا اور چاروں حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

 

دوسری جانب افغان حکومت نے اس حملے پر دُکھ کا اظہار کیا ہے جبکہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے اس حملے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔

 

پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دعویٰ کیا تھا کہ کیڈٹ کالج میں موجود شدت پسند افغانستان سے رابطے میں تھے اور اسلام آباد کچہری میں دھماکہ کرنا والا خودکش حملہ آور بھی افغانستان سے آیا تھا۔

 

پاکستان کی حکومت کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دہشت گردی کے ان دونوں واقعات کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C