14/December/2025

صحافت کی بنیاد پر غیر متعلقہ شخص کی سول ایوارڈ نامزدگی پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج

👁️ 209 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
صحافت کی بنیاد پر غیر متعلقہ شخص کی سول ایوارڈ نامزدگی پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج

صحافت کی بنیاد پر غیر متعلقہ شخص کی سول ایوارڈ نامزدگی پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج

پشاور (ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں سینیئر صحافی شمیم شاہد نے رحمان اللہ ایڈووکیٹ کے توسط سے ضیاء الحق سرحدی کی سول ایوارڈ کے لیے نامزدگی کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کر دی ہے۔ 

 

درخواست میں وفاقی حکومت، صوبائی حکومت، وزارتِ اطلاعات اور ڈپٹی سیکرٹری ایوارڈ سمیت دیگر فریقین کو شامل کیا گیا ہے۔

 

درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ وہ ایک سینیئر جرنلسٹ ہیں، متعدد قومی اور بین الاقوامی نشریاتی اداروں سے وابستہ رہ چکے ہیں اور اس وقت بھی عملی طور پر صحافت کے شعبے میں سرگرم ہیں۔

 

درخواست میں بتایا گیا ہے کہ ہر سال 23 مارچ اور 14 اگست کو مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو سول ایوارڈز دیے جاتے ہیں۔ ایوارڈز کی سفارش ایوارڈ کمیٹی کرتی ہے، جس کے بعد وزیرِ اعظم کی منظوری سے یہ سفارش صدرِ مملکت کو ارسال کی جاتی ہے۔

 

درخواست کے مطابق سول ایوارڈز دینے کا طریقۂ کار ڈیکوریشن ایکٹ 1975 میں واضح طور پر درج ہے۔ ضیاء الحق سرحدی کو صحافت کے شعبے کے تحت تمغۂ امتیاز کے لیے نامزد کیا گیا ہے، اور اعلان کے مطابق 23 مارچ 2026 کو انہیں یہ ایوارڈ دیا جانا ہے۔

 

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس نامزدگی کے حوالے سے یکم جنوری 2025 کو اعلامیہ جاری کیا گیا، تاہم ضیاء الحق سرحدی کی نامزدگی غیر قانونی، ڈیکوریشن ایکٹ کے خلاف اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست گزار کے مطابق ضیاء الحق سرحدی کا صحافت کے پیشے سے کوئی تعلق نہیں، نہ ہی وہ کسی صحافتی تنظیم یا باڈی کے رکن ہیں، جبکہ وہ سرحد چیمبر آف کامرس اور دیگر کاروباری تنظیموں سے وابستہ ہیں۔

 

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ضیاء الحق سرحدی کی سول ایوارڈ کے لیے نامزدگی کو غیر قانونی اور اقربا پروری کی بنیاد پر قرار دے کر منسوخ کیا جائے، اور صحافت کی کیٹیگری میں ازسرِ نو شفاف اور منصفانہ نامزدگی کا حکم دیا جائے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C