23/December/2025

لیبیا کے فوجی سربراہ ترکی میں فضائی حادثے میں عملے سمیت ہلاک

👁️ 284 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
لیبیا کے فوجی سربراہ ترکی میں فضائی حادثے میں عملے سمیت ہلاک

لیبیا کے فوجی سربراہ ترکی میں فضائی حادثے میں عملے سمیت ہلاک

انقرہ (ڈیلی اردو) ترکی میں پیش آنے والے ایک فضائی حادثے کے دوران لیبیا کے فوجی سربراہ جنرل محمد علی احمد الحداد ہلاک ہو گئے۔ حادثے میں ان کے ساتھ طیارے میں سوار بری افواج کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل الفیتوری غرابیل اور ملٹری مینوفیکچرنگ اتھارٹی کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر جنرل محمود القاطیوی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔


اطلاعات کے مطابق جنرل الحداد چار دیگر افراد کے ہمراہ فالکن 50 طیارے میں سوار تھے جو ترکی کے دارالحکومت انقرہ سے لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے لیے روانہ ہوا تھا۔


ترکی کے وزیرِ داخلہ علی یرلیکایا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ طیارے کا رابطہ مقامی وقت کے مطابق رات 20:52 پر منقطع ہو گیا، جو انقرہ سے پرواز کے تقریباً 42 منٹ بعد کا وقت تھا۔ ان کے مطابق طرابلس جانے والے اس طیارے نے رابطہ منقطع ہونے سے قبل ہنگامی لینڈنگ کی درخواست بھی کی تھی۔


لیبیا کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ قومی اتحاد کی حکومت کے وزیراعظم عبدالحمید دبیبہ نے فوجی سربراہ کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ طیارے میں دیگر لیبیائی فوجی حکام بھی سوار تھے۔ تاہم لیبیا کی جانب سے تاحال یہ نہیں بتایا گیا کہ آرمی چیف کے علاوہ کون سے جنرل اور فوجی افسران ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں۔


یہ حادثہ لیبیا کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ جنرل محمد علی احمد الحداد ملک کی فوجی قیادت میں ایک اہم اور مرکزی حیثیت رکھتے تھے۔


واضح رہے کہ جنرل الحداد اور ان کی ٹیم ترکی کے دورے پر موجود تھے، جہاں انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان فوجی اور سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی بات چیت کی تھی۔ 

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C