15/February/2020

وزیراعظم کے معاون خصوصی، تحریک انصاف کے بانی رہنما نعیم الحق انتقال کرگئے

👁️ 37 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
وزیراعظم کے معاون خصوصی، تحریک انصاف کے بانی رہنما نعیم الحق انتقال کرگئے

وزیراعظم کے معاون خصوصی، تحریک انصاف کے بانی رہنما نعیم الحق انتقال کرگئے

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی رہنما نعیم الحق طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔

نعیم الحق کو کینسر کا مرض لاحق تھا اور کافی عرصے سے کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے نعیم الحق کے انتقال پر دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نعیم الحق پی ٹی آئی کے دس بانیوں میں سے تھے جو پی ٹی آئی کے سب سے وفادار رکن تھے۔ اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ پرانے دوست نعیم الحق کے انتقال سے بہت ہی غمزدہ ہوں۔ پاکستان تحریک انصاف کیلئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ تیس برسوں میں پی ٹی آئی کی آزمائشوں میں وہ ہمیشہ میرے ساتھ کھڑے ہوئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ ہمارے برے وقتوں میں ہمیشہ ساتھ رہے۔ گزشتہ دو برسوں میں نعیم الحق کو ہمت اور امید کے ساتھ کینسر سے لڑتے ہوئے دیکھا۔ آخری وقت تک وہ پارٹی امور میں شامل رہے اور جب تک وہ اس قابل رہے کابینہ کے اجلاسوں میں شریک رہے۔ نعیم الحق کی موت ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ نعیم الحق نے کینسر جیسے مرض کا بہادری سے مقابلہ کیا۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ نعیم الحق کینسر کے خلاف جواں مردی سے لڑے۔ ایک دوست، بزرگ اور ساتھی نعیم الحق ہمیشہ یاد رہیں گے۔ اللہ تعالیٰ نعیم الحق کو جوار رحمت میں جگہ دے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آج تحریک کے ایک انتہائی قابل اعتماد ساتھی اور دیرینہ دوست سے محروم ہوگئے۔ نعیم الحق کی تحریک انصاف کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ نعیم الحق نے بہت بہادری سے مہلک بیماری کا سامنا کیا، ان کی رحلت میرے لیے ذاتی صدمہ ہے۔ دکھ کی اس گڑھی میں نعیم الحق کے خاندان کے ساتھ ہوں۔ اللہ نعیم الحق کو کروٹ کروٹ جنت نصییب کرے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نعیم الحق کا انتقال پی ٹی آئی کیلئے بڑا دھچکا ہے۔ نعیم الحق نے پی ٹی آئی کی کامیابی کیلئے انتھک محنت کی۔ نعیم الحق نے پی ٹی آئی کے منشور کیلئے بہت کام کیے، وہ عمران خان کے دکھ سکھ کے ساتھی رہے۔ نعیم الحق نے شوکت خانم اسپتال کیلئے بہت کام کیا۔

وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے نعیم الحق کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان تحریک انصاف کے تمام ورکرز کیلئے افسوسناک دن ہے۔ نعیم الحق پی ٹی آئی کے شیر تھے۔

شفقت محمود نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے فاؤنڈر ممبر کی وفات کی خبر پر شدید دھچکا ہے۔

پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا کہ نعیم الحق پاکستان تحریک انصاف کا انتہائی قیمتی اثاثہ تھے۔

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان، صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال، طارق بشیر چیمہ، مونس الہیٰ، سالک حسین اور حسین الہیٰ نے بھی معاون خصوصی اور تحریک انصاف کے سینئر رہنما نعیم الحق کے انتقال پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا۔

ڈاکٹر طاہر القادری اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نعیم الحق کی مغفرت فرمائے اور ان کی غمزدہ فیملی کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

جبکہ فیصل جاوید نعیم الحق کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔

واضح رہے کہ نعیم الحق تحریک انصاف کے بانی ارکان میں شامل تھے، وہ پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات کی ذمہ داریاں بھی انجام دے چکے تھے۔

نعیم الحق، وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھیوں میں شمار کیے جاتے تھے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C