03/September/2026

پشاور : پولیس پر دو حملے، 4 اہلکار زخمی، زیرحراست 2 ملزمان فرار

👁️ 36 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
پشاور : پولیس پر دو حملے، 4 اہلکار زخمی، زیرحراست 2 ملزمان فرار

پشاور : پولیس پر دو حملے، 4 اہلکار زخمی، زیرحراست 2 ملزمان فرار

پشاور (ڈیلی اردو) شورش زدہ صوبہ خیبرپختونخواہ کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں پولیس پر پیش آنے والے دو الگ واقعات میں فائرنگ کے نتیجے میں 4 اہلکار زخمی ہوگئے، جبکہ بڈھ بیر کے علاقے میں زیرحراست دو ملزمان مبینہ طور پر پولیس سے اسلحہ چھین کر فرار ہوگئے۔

پہلا واقعہ تھانہ داودزئی کی وزیر قلعہ پولیس چوکی میں پیش آیا، جہاں گزشتہ رات نامعلوم مسلح افراد نے چوکی میں تعینات پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں صفی الرحمان ولد طارق شاہ، ساکن گڑھی شیرداد، اور کانسٹیبل اسد ولد شیر اکبر، ساکن پجگی روڈ فقیر کلے، زخمی ہوئے۔

دونوں زخمی اہلکاروں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس افسران سمیت بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی شروع کردی۔ پولیس کے مطابق حملے کے محرکات اور دیگر پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔

دوسرا واقعہ تھانہ بڈھ بیر کے قریب ایس ایچ او کے پولیس کوارٹر میں پیش آیا، جہاں رہزنی کے الزام میں گرفتار دو ملزمان سے تفتیش جاری تھی۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر پولیس سے اسلحہ چھین کر ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جس سے اے ایس آئی طلا خان اور کانسٹیبل مہربان شاہ زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد دونوں زیرحراست ملزمان، جن کی شناخت عمیر اور ظاہر گل کے نام سے ہوئی، فرار ہوگئے۔ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔

پولیس حکام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا اور متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ملزمان کے خلاف پولیس پر حملے سمیت دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا، جبکہ دونوں واقعات کے مختلف پہلوؤں سے مزید تفتیش جاری ہے۔

 

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C