12/September/2025

چین نے بھارتی فوجیوں پر برقی مقناطیسی ہتھیار استعمال کیے، امریکی سینیٹر کا دعویٰ

👁️ 290 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
چین نے بھارتی فوجیوں پر برقی مقناطیسی ہتھیار استعمال کیے، امریکی سینیٹر کا دعویٰ

چین نے بھارتی فوجیوں پر برقی مقناطیسی ہتھیار استعمال کیے، امریکی سینیٹر کا دعویٰ

واشنگٹن (ڈیلی اردو/ڈی پی اے) امریکی سینیٹر بل ہیگرٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ چین نے پانچ برس قبل بھارت کے ساتھ سرحدی تنازع کے دوران ایسے برقی مقناطیسی ہتھیار استعمال کیے تھے جن سے بھارتی فوجیوں کے جسم پگھل گئے۔ ان کے مطابق یہ انکشاف بھارت اور چین کے بدلتے ہوئے تعلقات کے پس منظر میں اہم ہے، جہاں نئی دہلی بھاری امریکی محصولات کے باعث بیجنگ کے قریب ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔

 

ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے امریکی ریاست ٹینیسی کے سینیٹر بل ہیگرٹی نے ایک ویڈیو بیان میں کہا: “چین اور بھارت کے درمیان شکایات اور عدم اعتماد کی ایک طویل تاریخ ہے۔ بمشکل پانچ سال پہلے، چین اور بھارت ایک متنازعہ سرحد پر لڑ رہے تھے اور چین نے بھارتی فوجیوں کو حقیقت میں پگھلانے کے لیے برقی مقناطیسی ہتھیار کا استعمال کیا تھا۔”

 

اگرچہ سینیٹر ہیگرٹی نے کسی تصادم کا نام لے کر ذکر نہیں کیا، لیکن ان کے بیان سے یہ تاثر ملا کہ وہ 2020 کے مشرقی لداخ کی گالوان ویلی جھڑپ کا حوالہ دے رہے تھے، جس میں بھارت کے 20 فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔ اس جھڑپ کے دوران دونوں ملکوں کے فوجیوں نے نہ تو فائرنگ کی اور نہ ہی بندوقوں کا استعمال کیا، بلکہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لاٹھی، ڈنڈوں اور خاردار تاروں سے شدید ہاتھا پائی ہوئی تھی۔

 

یہ واقعہ گزشتہ 45 برسوں میں بھارت اور چین کے درمیان پہلی مہلک سرحدی جھڑپ تھی جس نے دو طرفہ تعلقات کو شدید دھچکا پہنچایا۔ اگرچہ بیجنگ نے اپنے فوجیوں کی ہلاکتوں کی ابتدا میں تصدیق نہیں کی تھی، لیکن بعد کی رپورٹوں میں بتایا گیا کہ چین کے نقصانات بھارتی ہلاکتوں سے دوگنا ہوسکتے ہیں۔

 

سینیٹر ہیگرٹی کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی انتظامیہ نے حال ہی میں بھارت سے آنے والی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی روسی تیل خریدنے پر 25 فیصد اضافی جرمانہ بھی لگایا گیا ہے۔ امریکی پالیسیوں کے باعث نئی دہلی بیجنگ کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

 

چند روز قبل چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کے موقع پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی تھی۔ اسی تناظر میں امریکی سینیٹر کے بیان کو دیکھا جا رہا ہے۔

 

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی حالیہ بیان میں بھارت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ “امریکا نے بھارت کو ایک اہم شراکت دار سمجھا تھا، لیکن نئی دہلی تاریک ترین چین کے ہاتھوں کھو گیا ہے۔”

 

بیجنگ کی جانب سے اب تک امریکی سینیٹر کے اس دعوے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ کسی اعلیٰ سطح کے امریکی رہنما نے کھلے عام یہ بات کہی ہے کہ چین نے سرحدی تنازع کے دوران بھارتی فوج کے خلاف "برقی مقناطیسی ہتھیار" استعمال کیے تھے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C