21/March/2026

ایرانی بیلسٹک میزائل یروشلم میں مسجد اقصیٰ کے قریب گرا

👁️ 212 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
ایرانی بیلسٹک میزائل یروشلم میں مسجد اقصیٰ کے قریب گرا

ایرانی بیلسٹک میزائل یروشلم میں مسجد اقصیٰ کے قریب گرا

یروشلم (ڈیلی اردو) ایرانی بیلسٹک میزائل مشرقی یروشلم کے پرانے شہر میں مسجد اقصیٰ، دیوارِ گریہ اور چرچ آف دی ہولی سیپلکر کے تقریباً 300 میٹر کے فاصلے پر گرا۔ خوش قسمتی سے فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، لیکن یہ واقعہ حساس مذہبی اور تاریخی مقامات کے انتہائی قریب پیش آیا۔

 

غیر ملکی صحافیوں نے متاثرہ مقام کا دورہ کیا، جہاں میزائل کا ملبہ زمین پر پڑا تھا۔ واقعے کے دن یہاں عید کا پہلا دن تھا اور عام طور پر مسجد اقصیٰ میں بہت بڑی تعداد میں لوگ آتے ہیں۔ اس سال سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر لوگوں کو آنے سے روکا گیا تھا، جس سے کسی بڑے جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔

 

ماہرین اور مشاہدین کے مطابق، ایران کی جانب سے یہ میزائل ایک خطرناک اشارہ ہے، کیونکہ یہ اپنی نوعیت میں اسلام کے مقدس مقامات کے انتہائی قریب گرا۔ ماضی میں یہ تصور مشکل تھا کہ ایران اتنا خطرہ مول لے گا۔ 

 

مشرقی یروشلم کے شہری خود کو اس تنازعے کے دوران نسبتاً محفوظ سمجھتے تھے کیونکہ مقدس مقامات کے قریب میزائل کا حملہ خطرے کی ایک نئی حد کو ظاہر کرتا ہے۔

 

یروشلم تینوں مذاہب اسلام، یہودیت اور مسیحیت کے پیروکاروں کے لیے مقدس مقام ہے۔

 

پیغمبر حضرت ابراہیم سے اپنا سلسلہ جوڑنے والے تینوں مذاہب یروشلم کو مقدس شہر کہتے ہیں۔

 

یہی وجہ ہے کہ صدیوں سے اس شہر کا نام مسلمان، یہودیوں اور مسیحیوں کے دلوں میں آباد ہے۔ یہ شہر عبرانی زبان میں یروشلایم اور عربی میں القدوس کے نام سے معروف ہے جبکہ یہ دنیا کے قدیم ترین شہروں میں سے ایک ہے۔

اس شہر پر کئی بار قبضہ کیا گیا، مسمار کیا گیا اور پھر سے آباد کیا گیا۔ یہی سبب ہے کہ اس سرزمین کی تہوں میں ایک تاریخ موجود ہے۔

 

چار تاریخی حصے

 

آج یروشلم مختلف مذاہب کے لوگوں کے درمیان تقسیم اور تنازعات کی وجہ سے سرخیوں میں رہتا ہے جبکہ اس شہر کی تاریخ ان لوگوں کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑتی بھی ہے۔

 

شہر کے مرکز میں ایک قدیمی شہر ہے۔ تاریخی فن تعمیر کے نمونے سے مالا مال بھول بھلیاں جیسی تنگ گلیوں کے درمیان یہ چار حصوں مسیحی، اسلامی، یہودی اور ارمینیائی میں منقسم ہے۔

 

اس کے چاروں جانب دیوار ہے جس کے اندر دنیا کے بہت سے مقدس مقامات ہیں۔ اور ہر حصے کی اپنی مخصوص آبادی ہے۔

 

عیسائیوں کے دو علاقے ہیں کیونکہ آرمینیائی بھی عیسائی ہیں۔ تمام علاقوں میں قدیم ترین آرمینیا کا علاقہ ہے۔

 

یہ آرمینیائی نسل کا قدیم ترین مرکز بھی ہے۔ سینٹ جیمز چرچ اور موناسٹری میں آرمینیائي باشندوں نے اپنی تاریخ اور ثقافت کو محفوظ کر رکھا ہے۔

 

کنیسۃ القیامہ

 

مسیحی علاقے میں دا چرچ آف دی ہولی سیپلکر یعنی کنیسۃ القیامہ ہے جو دنیا بھر میں مسیحیوں کے لیے باعث احترام ہے۔ روایات کے مطابق یہیں حضرت عیسیٰ کو مصلوب کیا گیا تھا۔

 

اسی کو کیلوری کا پہاڑ کہا جاتا ہے اور بعض روایت کے مطابق یہیں ان کا مقبرہ ہے اور بعض کے مطابق وہ یہیں سے آسمان پر اٹھا لیے گئے تھے۔

 

اس چرچ کا انتظام مسیحی برادری کے مختلف فرقوں بطور خاص یونانی آرتھوڈوکس پیٹريارک، رومن کیتھولک چرچ کے فرانسسکن فرايرس اور آرمینیائي پیٹرياركٹ کے علاوہ ایتھوپیائی، قبطی اور شامی آرتھوڈوکس چرچ سے منسلک پادری بھی سنبھالتے ہیں۔

 

ہر سال لاکھوں لوگ یہاں آتے ہیں اور دعا کے ساتھ توبہ کرتے ہیں۔

 

مسجد الاقصی

 

مسلمانوں کا علاقہ چاروں علاقوں میں سب سے بڑا ہے اور یہیں ڈوم آف دا راک (قبۃ الصخرہ) اور مسجد الاقصیٰ واقع ہے۔ یہ ایک سطح مرتفع پر واقع ہے جسے مسلمان حرم الشریف یا بیت مقدس کہتے ہیں۔

مسجد الاقصی اسلام کا تیسرا سب سے مقدس مقام ہے اور ایک اسلامی ٹرسٹ یعنی وقف کے ذمے اس کا انتظام و انصرام ہے۔

 

مسلمانوں کا ایمان ہے کہ پیغمبر حضرت محمد کو یہیں سے معراج ہوئی تھی۔

 

ہر روز ہزاروں مسلمان اس مقدس مقام پر آتے ہیں اور نماز ادا کرتے ہیں۔ رمضان کے مہینے اور جمعہ کے دن یہاں ان کی بہت زیادہ تعداد ہوتی ہے۔

 

دیوارِ گریہ

 

یہودیوں کے علاقے میں کوٹیل یا مغربی دیوار ہے۔ یہ وال آف دا ماؤنٹ کا باقی ماندہ حصہ ہے۔ یہ کہا جاتا ہے کہ یہودیوں کا مقدس مقام کبھی اس جگہ تھا۔

کہا جاتا ہے کہ اسی کے اندر 'ہولی آف دا ہولیز' یعنی یہودیوں کا مقدس ترین مقام تھا۔

 

یہودیوں کا یقین ہے کہ یہ وہ جگہ ہے جہاں سے کائنات کی تخلیق ہوئی اور یہیں پیغمبر ابراہیم نے اپنے بیٹے حضرت اسحاق (مسلمان حضرت اسماعیل کی قربانی کی بات کہتے ہیں) کی قربانی کی تیاری کی تھی۔ کئی یہودیوں کا خیال ہے کہ ڈوم آف دا راک ہی ہولی آف دا ہولیز ہے۔

 

آج مغربی دیوار یہودی کی نزدیک ترین مقام ہے جہاں سے یہودی ہولی آف دا ہولیز کا تقرب محسوس کرتے ہیں۔

 

اس کا انتظام مغربی دویار کے ربائی کے ہاتھوں میں ہے جبکہ ہر سال وہاں دنیا بھر سے لاکھوں یہودی پہنچتے ہیں۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C