جرمن صدر نے یونان میں نازی دور کے جرائم پر معافی مانگ لی
👁️ 107 بار دیکھا گیا
جرمن صدر نے یونان میں نازی دور کے جرائم پر معافی مانگ لی
برلن (ڈیلی اردو/ اے ایف پی/اے پی/ڈی پی اے) وفاقی جرمن صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر نے جمعرات کے روز یونان کے اس گاؤں کے دورے کے دوران اپنی اور جرمنی کی طرف سے معذرت کی، جسے نازی فوجیوں نے دوسری عالمی جنگ کے دوران یونان پر قبضے کے دور میں مسمار کر دیا تھا۔
صدر اشٹائن مائر ایسے پہلے جرمن سربراہ مملکت ہیں، جنہوں نے کریٹے کے جزیرے پر کنڈانوس نامی اس گاؤں کا دورہ کیا۔
وفاقی جرمن صدر نے اس موقع پر کہا، ’’میں آپ سے، تب زندہ بچ جانے والے تمام افراد اور ان کی اولاد سے ان سنگین جرائم کے لیے معافی مانگتا ہوں، جو جرمنوں نے یہاں کیے تھے۔‘‘
یونان میں مشرقی بحیرہ ایجیئن کے جزائر پر جرمن وزیر خارجہ نے جو کہا، ترکی اس سے ناراض ہے۔
اس دور میں نازی قبضے کے خلاف یونانی مزاحمت کے سبب 25 جرمن چھاتہ بردار اور عام فوجی ہلاک ہو گئے تھے، جس کے بعد انتقامی کارروائی کے طور پر نازی دستوں نے کنڈانوس نامی گاؤں کو تین جون 1941 کو مسمار کر دیا تھا۔
یہ واقعہ نازی فوجیوں کے کریٹے کے یونانی جزیرے پر قبضے کے چند دن بعد پیش آیا تھا۔ یونان بھر میں ایسے تقریباً 120 ’’شہیدوں کے گاؤں‘‘ ہیں، جن میں سے کنڈانوس ایک ہے۔
وفاقی جرمن صدر نے کیا کہا؟
جرمن صدر نے اس گاؤں کو ’’جرمنوں کو شرمسار کر دینے والی جگہ‘‘ کے طور پر بیان کیا اور کہا، ’’میرے لیے جرمن صدر کے طور پر اس مقام پر آنا اور یہاں بات کرنا ایک مشکل راستہ تھا۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’جرمن قابضین کی بربریت، ظلم اور غیر انسانی سلوک ایسے تھے کہ میرا دم گھٹتا جا رہا ہے، خاص طور پر آج کے دن۔ اور ان سب باتوں کے باوجود آپ نے ہماری جانب مفاہمت کا ہاتھ بڑھایا۔ اس کے لیے میں آپ کا شکر گزار ہوں۔‘‘
جرمن صدر اشٹائن مائر نے اس بات کے لیے بھی اپنی طرف سے معذرت کی کہ جرمنی نے ان جرائم کی سزا دینے کے لیے کئی دہائیوں تک ٹال مٹول سے کام لیا اور جنگ کے بعد بننے والی جرمن حکومتوں نے ’’اسے نظر انداز کیا اور خاموش رہیں۔‘‘
اس گاؤں میں نازیوں کے ہاتھوں قتل عام میں زندہ بچ جانے والے متعدد افراد نے جرمن صدر کو وہاں پہنچنے پر خوش آمدید کہا۔ تاہم اس موقع پر ہجوم میں سے کچھ افراد نے ’انصاف‘ اور ’لڑائی جاری ہے‘ جیسے نعرے بھی بلند کیے اور جنگ سے متعلق زر تلافی کی ادائیگی کے یونانی مطالبات پر جرمنی کے مسلسل انکار کے خلاف آواز اٹھائی۔
جرمن صدر نے تب زندہ بچ جانے والوں میں سے ایک خاتون اور اس وقت 97 سالہ ڈیسپینا فیوٹاکی سے بھی بات کی، جو وہاں سوگ کی علامت کے طور پر سیاہ لباس میں ملبوس بیٹھی تھیں۔
انہوں نے نازی قبضے کے ’’سیاہ دنوں‘‘ کو یاد کرتے ہوئے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، ’’تب جرمنوں نے ہمیں جلا ڈالا تھا، انہوں نے ہمیں تباہ کر دیا تھا۔‘‘
یونان پر نازیوں کا قبضہ سن 1941 اور 1944 کے درمیانی عرصے میں جاری رہا تھا اور قحط کے ساتھ ساتھ یونان کی تقریباﹰ نوے فیصد یہودی برادری کے خاتمے کے باعث یہ یورپ کے خونریز ترین واقعات میں سے ایک تھا۔
جرمن نازیوں نے یونان کے مرکزی بینک سے زبردستی قرضہ بھی وصول کیا تھا، جو کبھی واپس نہ کیا گیا۔
معاوضے کے مطالبات مسترد
جرمن صدر کے اس دورے کے دوران یونان کے خلاف نازیوں کے جرائم کے باعث زر تلافی کی ادائیگی کے لیے بھی زور شور سے آواز اٹھائی گئی۔
یونانی وزیر اعظم مٹسوٹاکس نے بدھ کے روز اپنے ایک بیان میں اس بات پر زور دیا تھا کہ مالی تلافی کا مسئلہ ’’اب بھی پوری طرح سے زندہ ہے۔ ہمیں امید ہے کہ کسی نہ کسی وقت ہم اسے حل کر لیں گے۔‘‘
تاہم جرمن صدر نے جرمنی کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ برلن حکومت معاوضے کے معاملے کو ’’بین الاقوامی قانون کے تحت بند ہو چکا باب‘‘ سمجھتی ہے۔ البتہ انہوں نے کہا کہ قبضے کے حوالے سے جرمنی ’’اپنی تاریخی ذمہ داری کے لیے پرعزم‘‘ ہے۔
اس کے بعد کنڈانوس میں جرمن صدر نے ’’ان واقعات کی یاد کو زندہ رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ تب جو کچھ بھی ہوا، اسے دوبارہ کبھی دہرایا نہ جا سکے۔‘‘
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
بین الاقوامی پابندیوں کی فہرست میں شامل سابق شامی جنرل طارتوس سے گرفتار
07/September/2026 👁️ 90 بار دیکھا گیا
یمنی فوج نے اہم فوجی اڈے کا کنٹرول حاصل کرلیا، حوثیوں ساتھ صومالی جنگجوؤں کی موجودگی کا انکشاف
07/September/2026 👁️ 84 بار دیکھا گیا
سنٹرل کرم میں مبینہ کواڈ کاپٹر حملہ، دو شہری ہلاک
07/September/2026 👁️ 77 بار دیکھا گیا
وزیرستان : سکیورٹی فورسز کی کارروائی، ایرانی شہری سمیت متعدد دہشتگرد ہلاک
07/September/2026 👁️ 91 بار دیکھا گیا
مستونگ میں تھانے پر دستی بم سے حملہ، پولیس اہلکار زخمی
07/September/2026 👁️ 78 بار دیکھا گیا
جنوبی وزیرستان : کارگو ٹرانسپورٹ پر 6 روزہ پابندی، دفعہ 144 نافذ
07/September/2026 👁️ 77 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
ٹرمپ کا ایران کو آخری الٹی میٹم، ڈیل نہ ہوئی تو تباہ کن کارروائی کی دھمکی
04/August/2026 👁️ 26277 بار دیکھا گیاایران میں موساد کیلئے جاسوسی کا الزام، دو افراد کو پھانسی دے دی گئی
04/August/2026 👁️ 15525 بار دیکھا گیاحوثیوں کا سعودی عرب کے نجران ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ
05/August/2026 👁️ 11810 بار دیکھا گیاجنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 9107 بار دیکھا گیایمن میں حوثی باغیوں کے میزائل اور ڈرون حملے، 36 فوجی اہلکار ہلاک
07/August/2026 👁️ 7397 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 5096 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C