حوثی باغیوں کا وسطی اسرائیل میں بیلسٹک میزائل سے حملہ
👁️ 78 بار دیکھا گیا
حوثی باغیوں کا وسطی اسرائیل میں بیلسٹک میزائل سے حملہ
یروشلم (ڈیلی اردو/رائٹرز/ڈی پی اے/اے ایف پی) اسرائیلی فوج کے مطابق اتوار کو یمن سے داغے گئے ایک میزائل کے ذریعے وسطی اسرائیل کو نشانہ بنایا گیا۔ حوثی باغیوں نے اس بیلسٹک میزائل حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے ایسی مزید کارروائیوں کی دھمکی دی ہے۔
نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اس واقعے کے بعد مودیعین نامی علاقے کے ایک ٹرین اسٹیشن پر ٹوٹے ہوئے شیشوں کو دیکھا گیا جبکہ لُد کے علاقے میں فائر فائٹرز جھاڑیوں میں لگی آگ بجھانے میں مصروف تھے۔ یہ دونوں علاقے اسرائیل کے تجارتی مرکز تل ابیب کے جنوب مشرق میں واقع ہیں۔
اسرائیلی فوج نے اتوار کو جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا، ”زمین سے زمین پر مار کرنے والے ایک میزائل کی نشاندہی کی گئی، جو مشرق سے وسطی اسرائیل میں داخل ہوا اور ایک کھلے علاقے میں جا گرا۔ اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔‘‘
بیان میں مزید کہا گیا، ”یہ میزائل یمن سے داغا گیا تھا اور اسے بروقت روک لیا گیا۔‘‘ اسرائیلی فوج کے مطابق دھماکوں کی جو آوازیں سنی گئیں، وہ ان میزائلوں کی تھیں، جو ملکی دفاعی نظام کا حصہ ہیں۔
دوسری جانب روزنامہ یروشلم پوسٹ نے اطلاع دی ہے کہ یہ بیلسٹک میزائل تل ابیب کے میٹروپولیٹن علاقے کی طرف داغا گیا تھا۔ اس اخبار کے مطابق اسرائیل کا ایرو تھری میزائل ڈیفنس سسٹم اس میزائل کو فضا میں داخل ہونے سے پہلے روکنے میں بظاہر ناکام ہو گیا تھا اور اس کے بعد دوسری کوشش میں عین وقت پر اس میزائل کو مار گرایا گیا۔
مقامی میڈیا رپورٹوں کے مطابق اس میزائل کے ٹکڑے ملک کے مختلف حصوں میں گرے۔
حوثی باغیوں نے ذمہ داری قبول کر لی
یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے اتوار کو اسرائیل پر ایک بیلسٹک میزائل سے حملہ کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے ایسے مزید حملوں کی دھمکی بھی دی ہے۔ حوثی باغیوں کی فوج کے ترجمان یحییٰ ساری نے کہا کہ یہ حملہ ایک نئے ”ہائپر سونک بیلسٹک میزائل‘‘ سے کیا گیا، جس کا مقصد یافا میں اسرائیلی فوجی ہدف کو نشانہ بنانا تھا۔
حوثی باغیوں کے اس ترجمان نے ٹیلی وژن پر ایک پیغام میں کہا، ”اس میزائل نے 11:30 منٹ میں تقریباً 2,040 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔ اسرائیل کو ایسے مزید حملوں کی توقع رکھنا چاہیے۔‘‘
حوثی باغیوں کے میڈیا آفس کے نائب سربراہ نصرالدین عامر نے آج اتوار کے روز ایکس پر لکھا، ”یہ ابھی آغاز ہے۔‘‘
یمن کے حوثی باغی غزہ پٹی میں جنگ کی وجہ سے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اسرائیل اور اس کے مفادات کے خلاف حملے کر رہے ہیں۔ یہ یمنی باغی گزشتہ برس نومبر سے خلیج عدن اور بحیرہ احمر میں مال بردار بحری جہازوں پر بھی درجنوں میزائل اور ڈرون حملے کر چکے ہیں۔ یہ دونوں آبی گزرگاہیں عالمی تجارت کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
حوثی باغیوں کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی، نتین یاہو
اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے اتوار کے روز کہا کہ یمن میں حوثیوں کو معلوم ہونا چاہیے تھا کہ اسرائیلی سرزمین پر حملے کے بعد انہیں اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ انہوں نے یہ بات کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس کے آغاز پر کہی۔
انہوں نے مزید کہا، ”شمالی اسرائیل میں صورت حال مزید اس طرح جاری نہیں رہ سکتی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ شمالی اسرائیل چھوڑنے والے شہریوں کی ان کے گھروں میں واپسی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
غزہ میں اسرائیلی کارروائیاں جاری
دریں اثنا اتوار کو غزہ پٹی میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں مزید چار فلسطینی مارے گئے ہیں۔ العودہ ہسپتال کے مطابق ان میں سے تین افراد وسطی غزہ میں ایک مکان پر گولہ باری سے ہلاک ہوئے جبکہ جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر بھی ایک حملہ ہوا، جہاں ایک فلسطینی مارا گیا۔
غزہ کی حماس کے زیر انتظام کام کرنے والی وزارت صحت کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک کم از کم 41,206 فلسطینی ہلاک جبکہ 95,337 زخمی ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں سے زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔
غزہ کی جنگ کا آغاز گزشتہ برس سات اکتوبر کو حماس کے جنوبی اسرائیل پر اس دہشت گردانہ حملے کے نتیجے میں ہوا تھا، جس میں 1,205 افراد مارے گئے تھے اور ان میں سے زیادہ تر عام شہری تھے۔ حماس کے عسکریت پسندوں نے اس حملے کے دوران 251 اسرائیلیوں کو یرغمال بھی بنا لیا تھا، جن میں سے 97 اب بھی غزہ میں حماس کی قید ہیں۔ اسرائیلی فورسز کے مطابق اب تک 33 یرغمالی ہلاک ہو چکے ہیں۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
بنوں اور شمالی وزیرستان میں مبینہ ڈرون حملے، 2 افراد زخمی، مکان کو شدید نقصان
24/October/2026 👁️ 94 بار دیکھا گیا
پاراچنار: بغدی میں بارودی سرنگ کا دھماکہ، ایک شخص ہلاک
24/October/2026 👁️ 109 بار دیکھا گیا
الخلیل میں اسرائیلی فوج کا بڑا آپریشن، سیکڑوں فلسطینی خاندانوں کو گھر خالی کرنے کا حکم
24/October/2026 👁️ 96 بار دیکھا گیا
آبنائے ہرمز میں مزید دو آئل ٹینکرز بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے ، پاسدران انقلاب کا دعویٰ
24/October/2026 👁️ 113 بار دیکھا گیا
لندن: القاعدہ اور ٹی ٹی پی کو تکنیکی معاونت فراہم کرنے والے 18 سالہ نوجوان کو چار سال سے زائد قید
24/October/2026 👁️ 92 بار دیکھا گیا
ریاض میں دو دھماکوں کی آوازیں، سعودی عرب کا بیلسٹک میزائل اور ڈرون مار گرانے کا دعویٰ
24/October/2026 👁️ 91 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
ٹرمپ کا ایران کو آخری الٹی میٹم، ڈیل نہ ہوئی تو تباہ کن کارروائی کی دھمکی
04/August/2026 👁️ 26400 بار دیکھا گیاایران میں موساد کیلئے جاسوسی کا الزام، دو افراد کو پھانسی دے دی گئی
04/August/2026 👁️ 15639 بار دیکھا گیاحوثیوں کا سعودی عرب کے نجران ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ
05/August/2026 👁️ 11936 بار دیکھا گیاجنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 9298 بار دیکھا گیایمن میں حوثی باغیوں کے میزائل اور ڈرون حملے، 36 فوجی اہلکار ہلاک
07/August/2026 👁️ 7548 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 5515 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C