08/March/2025

خصدار میں بلوچ علیحدگی پسندوں نے پولیس اور لیویز فورس کے تھانوں کو آگ لگا دی

👁️ 52 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
خصدار میں بلوچ علیحدگی پسندوں نے پولیس اور لیویز فورس کے تھانوں کو آگ لگا دی

خصدار میں بلوچ علیحدگی پسندوں نے پولیس اور لیویز فورس کے تھانوں کو آگ لگا دی

کوئٹہ (ڈیلی اردو/بی بی سی) پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے اورناچ میں بلوچ علیحدگی پسندوں نے حملہ کر کے پولیس اور لیویز فورس کے تھانوں کو نذر آتش کر دیا ہے۔

اورناچ میں پولیس کے ایک اہلکار نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ سنیچر کی شام مسلح افراد کی ایک بڑی تعداد شہر میں داخل ہوئی تھی اور انھوں نے پولیس اور لیویز فورس کے عملے کو یرغمال بنایا اور اس کے بعد دونوں تھانوں کو نذر آتش کر دیا۔

پولیس اہلکار کے مطابق مسلح افراد جاتے ہوئے پولیس اور لیویز فورس کے اہلکاروں سے اسلحہ بھی چھین کر لے گئے۔

سرکاری حکام کے مطابق اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے جبکہ سیکورٹی کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری اورناچ بھیج دی گئی ہے۔

اس حملے کے بارے میں حکام نے کیا بتایا؟

اورناچ میں پولیس کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سنیچر کی شام 6 بجکر 25 منٹ پر مسلح افراد کی ایک بڑی تعداد او رناچ ٹامیں داخل ہوئی تھی۔

اہلکار کے مطابق مسلح افراد کی تعداد 60 سے زیادہ تھی جنھوں نے آتے ہی مختلف علاقوں میں پوزیشن سنبھال لی۔

’مسلح افراد نے ٹاؤن میں پولیس اور لیویز فورس کے تھانوں کا محاصرہ کرکے ان کے عملے کو یرغمال بنالیا۔‘

پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ مسلح افراد نے پولیس اور لیویز فورس کے تھانوں سے اسلحہ چھیننے کے علاوہ تھانوں کو نذرآتش کرنے کے ساتھ ساتھ لیویز فورس کی دو گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی۔

پولیس اہلکار کے مطابق مسلح افراد وہاں آدھے سے پونے گھنٹے تک موجود رہے اور جاتے ہوئے پولیس کی ایک گاڑی کو بھی اپنے ساتھ لے گئے۔

محکمہ داخلہ بلوچستان کے ایک سینیئر اس حوالے سے کہتے ہیں کہ مسلح افراد پولیس تھانے سے دس کے قریب بندوقیں لے گئے، جبکہ لیویز فورس کے اہلکاروں سے چھینی گئیں بندوقوں کی تعداد دو تھی۔

انھوں نے بتایا کہ اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ واردات کے بعد مسلح افراد پہاڑوں کی جانب فرار ہوگئے۔

خضدار میں انتظامیہ کے ایک سینیئر اہلکار نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ اورناچ میں سکیورٹی کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے فورسز کی بھاری نفری علاقے میں بھیج دی گئی ہے۔

اورناچ کہاں واقع ہے؟

اورناچ ضلع خضدار کا سب ڈویژن ہے اور یہ ایک دشوار گزار پہاڑی علاقہ ہے۔

اورناچ خضدار شہر سے اندازاً 130 کلومیٹر کے فاصلے پرجنوب مغرب میں واقع ہے۔

اورناچ کی آبادی مختلف بلوچ قبائل پر مشتمل ہے۔ جہاں ضلع خضدار کا شمار بلوچستان کے ان علاقوں میں ہوتا ہے جو کہ شورش سے متاثر ہیں وہیں اس کا علاقہ اورناچ ضلع آواران کے بھی قریب واقع ہے جس کا شمار بھی شورش سے سب سے زیادہ متاثر اضلاع میں ہوتا ہے۔

ضلع خضدار میں ایسی نوعیت کا دوسرا واقعہ

اورناچ میں مسلح افراد کی بڑی تعداد میں آمد اور وہاں پولیس اور لیویز فورس کے تھانوں کو نذرآتش کیے جانا اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔

اس سے قبل رواں سال جنوری کے آغاز میں ضلع خضدار کے زہری ٹاؤن میں 70 سے زائد مسلح افراد داخل ہوئے تھے۔

زہری ٹاؤن میں مسلح افراد نے لیویز فورس کے تھانے اور نادرا کے دفتر کو نذراتش کیا تھا جبکہ لیویز فورس کے تھانے سے اسلحہ کے علاوہ ایک گاڑی اور موٹر سائیکل بھی لے گئے تھے۔

اورناچ میں ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروہ نے قبول نہیں کی ہے، جبکہ زہری میں ہونے والے حملے کی ذمہ داری علیحدگی پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی۔

زہری میں ہونے والے حملے کے بعد 31 جنوری اور یکم فروری کی شب مسلح افراد کی بڑی تعداد نے ضلع خضدار سے متصل ضلع قلات کی تحصیل منگیچر کے ہیڈکوارٹر منگیچر ٹاؤن اور وہاں کوئٹہ، کراچی شاہراہ کا کنٹرول سنبھال لیا تھا۔

اس موقع پر مسلح افراد کے حملے میں 18 سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے تھے جبکہ فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 12عسکریت پسند مارے گئے تھے۔

عسکریت پسند تنظیموں کی جانب سے رات کے اوقات میں شاہراہوں کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد دور دراز کے علاقوں میں داخل ہونے کا رحجان سامنے آرہا ہے۔

تاہم وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ عسکریت پسند کسی علاقے کو 10 یا 15 منٹ سے زیادہ اپنے کنٹرول کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔

منگیچر میں ہونے والے حملے کے بعد وزیر اعلیٰ نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ ان دس پندرہ منٹ کے دوران وہ کبھی عام شہریوں کا بڑا نقصان کرتے ہیں اور کبھی ان سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بناتے ہیں جو چھٹیوں پر جارہے ہوتے ہیں۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C