23/November/2026

دہشتگردی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، سکیورٹی فورسز اور عوام کے تعاون سے جنگ جیت کر رہیں گے، فیصل کریم کنڈی

👁️ 67 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
دہشتگردی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، سکیورٹی فورسز اور عوام کے تعاون سے جنگ جیت کر رہیں گے، فیصل کریم کنڈی

دہشتگردی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، سکیورٹی فورسز اور عوام کے تعاون سے جنگ جیت کر رہیں گے، فیصل کریم کنڈی

پشاور (ڈیلی اردو): گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں دہشتگردی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے لیے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شکست کا کوئی تصور نہیں، یہ جنگ جیت کر رہیں گے۔

پشاور میں سولر اور الیکٹرک بائیکس کی نمائش کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ گزشتہ 40 روز سے صوبے میں دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس، فرنٹیئر کور اور پاک فوج مشترکہ کوششوں کے ذریعے دہشتگردوں کا مقابلہ کر رہی ہیں، تاہم اس جنگ میں کامیابی کے لیے عوام کا تعاون بھی ناگزیر ہے۔

انہوں نے پشاور کے نواحی علاقے میں حالیہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں خوشحالی اور ترقی کا سفر شروع کرنے کے لیے امن کا قیام بنیادی ضرورت ہے۔

سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ان کی جماعت گالم گلوچ اور ذاتی حملوں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ اپنے تعلقات کو عزت و احترام پر مبنی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ، تاہم کسی کی تضحیک نہیں ہونی چاہیے۔ ان کے بقول مولانا فضل الرحمان نے سکیورٹی اہلکاروں کی قربانیوں کے حوالے سے جو بات کی تھی، انہوں نے اس پر اپنا مؤقف پیش کیا۔

گورنر نے سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کے حوالے سے بھی طنزیہ انداز میں تبصرہ کیا اور کہا کہ انہیں ٹیلی ویژن پر جذباتی ہوتے ہوئے دیکھا گیا، جبکہ ان کے بقول شوکت یوسفزئی کے رویے میں تبدیلی آئی ہے۔

وفاقی وزرا کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بارے میں بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات جمہوری عمل کا حصہ ہیں، لیکن معاملات اس حد تک کشیدہ نہیں ہونے چاہئیں کہ مذاکرات اور بات چیت کے راستے بند ہوجائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیاسی مسائل کا حل مکالمے اور باہمی احترام میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ صدر مملکت آصف علی زرداری کے نامزد کردہ گورنر ہیں اور وفاق کے نمائندے کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں ریفرنڈم سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ یہ دونوں صوبوں کا مسئلہ نہیں بلکہ سندھ اور پنجاب سے متعلق معاملہ ہے۔

صوبے کی مجموعی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے گورنر نے پاکستان تحریک انصاف کی گزشتہ 13 سالہ صوبائی حکمرانی پر سوالات اٹھائے اور کہا کہ خیبرپختونخوا کو درپیش مسائل کے حل کے لیے حکومتی محکموں میں احتساب، کارکردگی اور سزا و جزا کے نظام کو مؤثر بنانا ضروری ہے۔

انہوں نے پی ٹی آئی سے مطالبہ کیا کہ مولانا فضل الرحمان کے بارے میں استعمال کیے گئے نامناسب الفاظ پر معذرت کی جائے۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی گرفتاری اور اس حوالے سے جاری کیے گئے آرڈیننس سے متعلق بھی انہوں نے اپنے تحفظات اور مؤقف کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں حالیہ عرصے کے دوران دہشتگردی کے واقعات اور سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے تناظر میں امن و امان کی صورتحال اہم سیاسی موضوع بنی ہوئی ہے۔ گورنر نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشتگردی کے خاتمے اور صوبے میں مستقل امن کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C