23/November/2026

پشاور: سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز کا مشترکہ آپریشن، تین دہشتگرد ہلاک، اسلحہ اور دستی بم برآمد

👁️ 56 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
پشاور: سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز کا مشترکہ آپریشن، تین دہشتگرد ہلاک، اسلحہ اور دستی بم برآمد

پشاور: سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز کا مشترکہ آپریشن، تین دہشتگرد ہلاک، اسلحہ اور دستی بم برآمد

پشاور (ڈیلی اردو): پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے نواحی علاقے متنی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور سکیورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ متعدد مشتبہ افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کے مطابق کارروائی متنی کے علاقے پاسانی روڈ، ادیزی خوڑ میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی۔ اطلاع تھی کہ دہشتگرد علاقے میں موجود ہیں اور مبینہ طور پر پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے اور سرکاری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

حکام کے مطابق سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز کی ٹیموں نے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ ٹھکانے کا گھیراؤ کیا تو وہاں موجود مسلح افراد نے اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی۔ فورسز کی جوابی کارروائی کے بعد فائرنگ کا تبادلہ رکنے پر علاقے میں تلاشی لی گئی، جہاں سے تین دہشتگردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔

ہلاک ہونے والوں کی شناخت عبدالرشید، سعید اللہ اور سعید نواب کے ناموں سے ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق دیگر مسلح افراد رات کی تاریکی اور جھاڑیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

کارروائی کے دوران ہلاک افراد کے قبضے سے دو کلاشنکوفیں، ایک پستول، تین دستی بم، پانچ میگزین اور قومی شناختی کارڈز برآمد کیے گئے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ علاقے میں دہشتگردوں کے ممکنہ ٹھکانوں اور فرار ہونے والے افراد کی موجودگی سے متعلق معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کارروائی میں حصہ لینے والے اہلکاروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے دہشتگردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C