مشال خان کی چھٹی برسی: توہینِ مذہب کے جھوٹے الزامات کی شکایات برقرار
👁️ 43 بار دیکھا گیا
مشال خان کی چھٹی برسی: توہینِ مذہب کے جھوٹے الزامات کی شکایات برقرار
کراچی (ڈیلی اردو/وی او اے) یہ مارچ 2013 کا واقعہ ہے جب لاہور کی جوزف کالونی میں اسنوکر کھیلتے ہوئے دو افراد کے درمیان جھگڑا اس قدر بڑھا کہ بات توہینِ مذہب کے الزام تک جاپہنچی۔
بات ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ تک پہنچی تو پولیس کو مقدمہ درج کرنا پڑا اور اسلم مسیح (فرضی نام) کو توہینِ مذہب کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ لیکن توہینِ مذہب کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل چکی تھی جس کے بعد مسیحی گھرانوں پر حملے شروع ہوگئے اور دیکھتے ہی دیکھتے درجنوں گھر اور دکانیں جلادی گئیں۔
اسلم کے خلاف مقدمے کی کارروائی ایک سال میں مکمل ہونے پر اسے پھانسی کی سزا سنادی گئی۔ لیکن فیصلے کے خلاف اپیل کی گئی جو چھ برس تک ہائی کورٹ میں زیرِ التوا رہی، تاہم ناکافی شواہد کی بنا پر ملزم کو رہا کر دیا گیا۔
تین بچوں کے باپ اسلم کا کہنا ہے کہ یہ سات برس ان کے لیے کسی اذیت سے کم نہیں تھے۔ رہائی کی ہر آس ختم ہو چکی تھی اور یادداشت بھی شدید متاثر ہورہی تھی۔
اسلم کو کسی صورت یقین نہیں تھا کہ وہ کبھی جیل سے باہر آکر اپنے بچوں کے ہمراہ پھر سے زندگی سے گزار سکے گا۔ لیکن پھر ایک دن اس کی بے گناہی ثابت ہوئی اور وہ سالوں بعد جیل سے باہر آگیا۔
یہ کہانی صرف اسلم کی ہی نہیں ہے، بلکہ پاکستان میں توہینِ مذہب کے جھوٹے الزامات کی شکایات اب بھی عام ہیں۔
جہاں کئی افراد کو برسوں جیل میں گزارنے پڑتے ہیں تو وہیں توہینِ مذہب کے الزام کا سامنا کرنے والوں کو اپنی جان کی لالے بھی پڑ جاتے ہیں۔
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کی عبدالولی خان یونیورسٹی کے طالبِ عالم مشال خان بھی ایسے ہی بدقسمت افراد میں شامل تھے جنہیں چھ برس قبل مردان کی عبدالولی خان یونیورسٹی میں مشتعل ہجوم نے توہینِ مذہب کا الزام لگا کر قتل کر دیا تھا۔
پاکستان میں انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ اس اندوہناک واقعے کے بعد بڑے پیمانے پر ردِعمل سامنے آنے کے باوجود ملک میں توہینِ مذہب کی آڑ میں لوگوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔
مشال خان پر ان کی فیس بُک پوسٹ میں مذہب سے متعلق توہین آمیز مواد نشر کرنے کا الزام تھا۔ اور بس اس نوجوان پر یہ الزام ہی اسے موت کے گھاٹ اتارنے کا موجب بنا جب کہ نہ ہی تو کسی عدالت کے کٹہرے میں پیش کیا گیا، نہ ان پر مقدمہ چلا اور نہ ہی صفائی کا موقع۔
اگرچہ اس واقعے کے بعد انتظامیہ حرکت میں آئی اور قتل کے الزام میں 57 افراد کو گرفتار کرنے کے بعد ان کے خلاف قتل اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ بھی چلایا گیا۔ گرفتار افراد میں زیادہ تر طلبہ اور جامعہ کے ملازمین شامل تھے۔
‘ قانون کا غلط استعمال روکنے کیلئے بہت کچھ کرنا باقی ہے’
انسانی حقوق کے کارکن اور کالم نگار پیٹر جیکب کا کہنا ہے کہ حکومت کو توہین مذہب کے قوانین کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے قانونی، انتظامی اور تعلیمی اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے۔
وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ 2009 میں پنجاب کے شہر گوجرہ میں قرآن کی مبینہ بے حرمتی کے بعد سات افراد کے قتل سمیت درجنوں گھروں کو آگ لگادی گئی تھی۔
اس واقعے کے بعد ایک جوڈیشل انکوائری کمیشن تشکیل دیا گیا تھا جس نے توہینِ مذہب کے واقعات اور اس تناظر میں ہونے والی بدامنی کو روکنے کے لیے بعض اہم تجاویز پیش کی تھیں، ان پر آج تک عمل درآمد نہیں ہوا۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد کرلیا جائے تو ایسے واقعات سے مستقبل میں بچا جاسکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے واقعات میں معصوم متاثرین کے نقصان کی جہاں تلافی ضروری ہے وہیں توہینِ مذہب کا جھوٹا الزام عائد کرکے تشدد کو ہوا دینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی بھی ضرورت ہے۔
سندھ پولیس کے اپنے اعدا د و شمار کے مطابق گزشتہ سال کے وسط تک صوبائی عدالتوں میں توہینِ مذہب سے متعلق کُل 119 کیسز زیر التوا تھے ۔ان میں سے پولیس کسی ایک بھی کیس میں ملزم کو عدالت سے سزا دلانے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔
لاہور میں قائم سینٹر فار سوشل جسٹس، پاکستان کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ملک میں گزشتہ تین برسوں میں توہین مذہب کے الزامات کے 463 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں سے زیادہ تر خود مسلمانوں ہی کے خلاف مقدمات درج ہوئے ہیں جن کی کُل تعداد 288 بنتی ہے۔
وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ طاہر اشرفی کا دعویٰ ہے کہ توہین مذہب کے قوانین کے غلط استعمال کا سلسلہ اب تھم چکا ہے اور گزشتہ چند برسوں میں اس پر کافی کام ہوا ہے۔
وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ جہاں کہیں بھی ایسی شکایت موصول ہوتی ہے تو حکومت اور علمائے کرام دونوں اس کی مکمل تحقیقات کرتے ہیں اور اگر واقعی ایسا معاملہ ہو تو تب ہی مقدمہ درج کیا جاتا ہے ورنہ جھوٹے الزامات عائد کرنے والے کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔
گزشتہ 35 سال میں ملک میں توہین مذہب کے واقعات کا الزام عائد کرکے اب تک 88 افراد کو ماورائے عدالت قتل کیا جاچکا ہے جن میں سے اکثریت مسلمانوں (46) کی ہے ۔ ایسے ماورائے عدالت قتل بھی زیادہ تر صوبہ پنجاب میں رونما ہوئے ہیں۔
حال ہی میں قومی اسمبلی نے توہین مذہب کے قوانین میں مزید ترمیم کی ہیں اور دعویٰ کیا ہے کہ اس سے ملک میں فرقہ واریت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ تاہم انسانی حقوق کمیشن پاکستان نے اس ترمیم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے ملک میں مذہبی اقلیتوں اور فرقوں کا مزید استحصال کیا جائے گا۔
کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کے قوانین کے غلط استعمال کے پاکستان کے پریشان کن ریکارڈ کے پیش نظر، ان ترامیم کو مذہبی اقلیتوں اور فرقوں کے خلاف غیر متناسب طریقے سے ہتھیار بنائے جانے کا امکان ہے۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
طالبان نے افغانستان میں چھوٹی داڑھی پر امدادی کارکن گرفتار کر لیے
23/June/2026 👁️ 97 بار دیکھا گیا
امریکہ نے ایرانی تیل کی برآمدات پر عارضی پابندیاں نرم کر دیں، 60 روزہ لائسنس جاری
23/June/2026 👁️ 72 بار دیکھا گیا
ایران میں کریک ڈاؤن، “دشمن سے تعاون” کے الزام میں 3 ہزار سے زائد گرفتاریاں
23/June/2026 👁️ 190 بار دیکھا گیا
بلوچ یکجہتی کمیٹی کی سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ شاہ کو عمر قید
23/June/2026 👁️ 87 بار دیکھا گیا
ماسکو پر 60 ڈرون حملے ناکام، یوکرین میں روسی حملوں سے 5 افراد ہلاک
23/June/2026 👁️ 172 بار دیکھا گیا
لبنان میں حزب اللہ کا اسرائیل کے خلاف دفاعی کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان
23/June/2026 👁️ 169 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
جنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 8848 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 4608 بار دیکھا گیاپاکستانی طیاروں کا کابل، پکتیکا، خوست اور جلال آباد میں فضائی حملہ، متعدد ہلاکتیں
10/October/2025 👁️ 3299 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ کے انتہائی مطلوب کمانڈر تہران طوری کے حملے میں پولیس افسر ہلاک
15/August/2025 👁️ 2470 بار دیکھا گیاکیا آپ کو معلوم ہے خام تیل کے ایک بیرل سے کتنے لیٹر پٹرول اور ڈیزل بنتا ہے؟
01/February/2019 👁️ 2122 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ نے پولیس افسر قیصر حسین کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرلی
26/August/2025 👁️ 1917 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C