26/December/2025

اسرائیل میں فلسطینی حملہ آور کا کار اور چاقو سے حملہ، دو افراد ہلاک

👁️ 265 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
اسرائیل میں فلسطینی حملہ آور کا کار اور چاقو سے حملہ، دو افراد ہلاک

اسرائیل میں فلسطینی حملہ آور کا کار اور چاقو سے حملہ، دو افراد ہلاک

یروشلم (ڈیلی اردو/اے ایف پی) شمالی اسرائیل میں ایک فلسطینی حملہ آور کی طرف سے عام شہریوں پر اپنی گاڑی چڑھا دینے اور چاقو سے حملے کے جمعہ 26 دسمبر کو پیش آنے والے ایک واقعے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔ مرنے والوں میں سے ایک عورت تھی اور دوسرا ایک اسرائیلی مرد شہری۔

 

یروشلم سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق اسرائیلی پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ اس واقعے کے صرف ایک دن بعد پیش آیا، جس میں اسرائیلی فوج کے ایک ریزور فوجی نے، جو سول کپڑوں میں تھا، مغربی اردن کے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اپنی گاڑی ایک فلسطینی مرد پر چڑھا دی تھی۔

 

ویسٹ بینک کے علاقے میں غزہ پٹی میں حماس اور اسرائیل کی اکتوبر 2023ء میں شروع ہونے والی جنگ کے آغاز کے بعد سے ہلاکت خیز تشدد میں واضح اضافہ ہو چکا ہے۔

 

حملہ بیت شیان نامی شہر میں کیا گیا

 

اسرائیلی پولیس کی طر ف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا کہ جمعے کے روز ایک فلسطینی کار ڈرائیور نے یہ حملہ بیت شیان نامی شہر میں کیا، جہاں اس نے اپنی گاڑی ایک راہ گیر پر چڑھا دی۔ یہ شخص، جس کی عمر 68 برس تھی، بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

 

پولیس کے مطابق، ’’اس حملے کے بعد اسی حملہ آور نے ایک نوجوان خاتون کو چاقو سے وار کر کے شدید زخمی کر دیا۔‘‘ یہ اسرائیلی خاتون بھی بعد ازاں دم توڑ گئی۔ پولیس کے مطابق راہ گیروں پر کار چڑھا دینے کے اس واقعے میں ایک 16 سالہ نوجوان زخمی بھی ہو گیا۔

 

فلسطینی ملزم کے بارے میں اسرائیلی پولیس نے بتایا کہ ان دونوں حملوں کے بعد اس کا ایک ٹریفک جنکشن کے پاس ایک اسرائیلی راہ گیر کے ساتھ گن فائر کا تبادلہ بھی ہوا، جس میں یہ فلسطینی زخمی ہوگیا۔ کہا گیا ہے کہ زخمی حملہ آور اب ایک قریبی ہسپتال میں زیر علاج ہے۔

 

حملہ آور کا تعلق ویسٹ بینک کے گاؤں قباطیہ سے

 

اسرائیلی فوج نے ان دونوں حملوں کے بعد اپنی ابتدائی چھان بین کے نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ فلسطینی حملہ آور ’’کئی دن قبل اسرائیلی علاقے میں داخل ‘‘ ہوا تھا اور اس کا تعلق مقبوضہ مغربی کنارے کے ایک فلسطینی گاؤں سے ہے۔

 

یروشلم سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق اس حملے کے فوری بعد اسرئیلی وزیر دفاع نے اس حملہ آور کے گاؤں میں جوابی کریک ڈاؤن کی دھمکی بھی دے دی۔

 

نیوز ایجنسی اے ایف پی نے لکھا ہے کہ یہ واضح ہونے کے بعد کہ اس فلسطینی حملہ آور کا تعلق ویسٹ بینک کے قباطیہ نامی گاؤں سے ہے۔

 

وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا، ’’وزیر دفاع نے اسرائیلی دفاعی افواج کو حکم دے دیا ہے کہ وہ ویسٹ بینک میں اس قاتل کے گاؤں میں دہشت گردی کے ڈھانچے کے خلاف پوری طاقت سے اپنا کریک ڈاؤن شروع کر دیں۔‘‘

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C