اسرائیل نے اپنے جنگی اہداف حزب اللہ کے حملے روکنے تک بڑھا دیے
👁️ 58 بار دیکھا گیا
اسرائیل نے اپنے جنگی اہداف حزب اللہ کے حملے روکنے تک بڑھا دیے
تل ابیب (ڈیلی اردو/وی او اے) اسرائیل نے منگل کو حماس کے خلاف اپنی جنگ کا دائرہ حزب اللہ تک بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مقصد لبنانی سرحد کے قریب آباد اسرائیلیوں کی اپنے گھروں کو واپسی ممکن بنانا ہے جو عسکریت پسندوں سے جھڑپوں کے باعث چلے گئے تھے۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر نے کہا ہے کہ سیکیورٹی کابینہ نے پیر کو دیر گئے اس اقدام کی منظوری دی۔
لبنان کا عسکری گروپ حزب اللہ، غزہ کی فلسطینی عسکری تنظیم حماس کا اتحادی ہے۔ غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ شروع ہونے کے فوراً ہی بعد حزب اللہ نے اپنے اتحادی کی حمایت میں تقریباً روزانہ حملے شروع کر دیے تھے جس کی وجہ سے لبنان سے ملحق شمالی سرحد کے قریب آباد ہزاروں اسرائیلیوں کو اپنا گھربار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا تھا۔
حزب اللہ کو بھی حماس کی طرح ایران کی حمایت حاصل ہے اور اس نے یہ کہہ رکھا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ ہونے پر ان کا گروپ اپنے حملے روک دے گا۔
اسرائیل اور غزہ کے درمیان جنگ بندی کی کوششیں کئی مہینوں سے جاری ہیں۔ امریکی، مصری اور قطری حکام جنگ کے خاتمے کے لیے ایسی شرائط ڈھونڈنے کی کوشش کر رہے ہیں جس پر اسرائیل اور حماس دونوں متفق ہو سکیں۔
امریکی وزیرخارجہ انٹنی بلنکن جنگ بندی کے لیے نظر ثانی شدہ تجویز پر مشرق وسطیٰ کے اہم شراکت داروں سے بات چیت کے لیے منگل کو مصر جا رہے ہیں۔ تاہم نظرثانی شدہ تجویز کے لیے ابھی تک کسی ٹائم فریم کا اعلان نہیں کیا گیاہے۔
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ قاہرہ میں بلنکن مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی کے ساتھ مشترکہ طور پر امریکہ مصر اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے افتتاحی اجلاس کی صدارت کریں گے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بلنکن غزہ میں جنگ بندی کو یقینی بنانے، تمام یرغمالوں کی رہائی، فلسطینیوں کے مصائب میں کمی لانے اور وسیع تر علاقائی سلامتی کو فروغ دینے کی کوششوں کے لیے مصری رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
بلنکن کے اس دورے میں اسرائیل شامل نہیں ہے، تاہم انہوں نے پیر کے روز محکمہ خارجہ کے دفتر میں اسرائیل کے حزب اختلاف کے لیڈر اور سابق وزیر اعظم یائر لیپڈ سے ملاقات کی تھی۔
لیپڈ نے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو یرغمالوں کی واپسی اور غزہ میں جنگ کے خاتمے کے معاہدے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بحیثیت قوم اسرائیل کے زخم اس وقت تک نہیں بھر سکتے جب تک ہم باقی ماندہ تمام یرغمالوں کو وطن واپس نہیں لاتے۔ یہ ہمارے وجود کے لیے ضروری ہے۔
فلسطینیوں کے لیے انسانی امداد کی کوششیں
جنگ بندی اور یرغمالوں کی واپسی کی کوششوں کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں کے لیے انسانی امداد کی فراہمی اور ان کی مشکلات کم کرنے کے اقدامات پر بھی زور دیا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ کے لیے اقوام متحدہ کے انسانی امداد اور تعمیر نو کے لیے سینئر کو آرڈی نیٹر سکرد گاغ نے اپنی بریفنگ میں کہا کہ وقت ہمارے ہاتھ سے کھسک رہا ہے۔ ہمیں فوری جنگ بندی، تمام یرغمالوں کی فوری اور غیر مشروط واپسی اور غزہ کی پٹی میں بڑے پیمانے پر امداد پہنچانے کے لیے بلا روک ٹوک اور مسلسل رسائی کی ضرورت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امدادی کارروائیوں میں لاقانونیت، دشمنی پر مبنی رویوں اور اسرائیلی حکام کی جانب سے انکار اور تاخیری حربوں کی وجہ سے رکاوٹیں پیش آ رہی ہیں۔
اقوام متحدہ کے انسانی امداد سے متعلق دفتر کے اعداد و شمار یہ ظاہر کرتے ہیں کہ غزہ پہنچنے والے امدادی ٹرکوں کی تعداد میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔ اپریل میں روزانہ 169 امدادی ٹرک غزہ پہنچ رہے تھے جب کہ ستمبر کے پہلے 9 دنوں میں یہ تعداد گھٹ کر 62 رہ گئی تھی۔
اسرائیل امداد کی ترسیل میں رکاوٹیں ڈالنے سے انکار کرتا ہے۔
اسرائیل حماس جنگ کا آغاز گزشتہ سال 7 اکتوبر کو جنوبی اسرائیل پر حماس کے عسکریت پسندوں کے ایک بڑے اور اچانک حملے کے بعد شروع ہوئی تھی جس میں 1200 افراد ہلاک اور 250 کے لگ بھگ یرغمال بنا لیے گئے تھے۔
غزہ میں اسرائیل کی جوابی کاروائیوں میں اب تک 41200 سے زیادہ افراد مارے جا چکے ہیں۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں کئی ہزار جنگجو بھی شامل ہیں۔ جب کہ غزہ میں حماس کی وزارت صحت کے حکام یہ کہتے ہیں کہ مرنے والوں کی اکثریت عورتوں اور بچوں کی ہے۔
امریکہ، برطانیہ، یورپی یونین اور دیگر کئی مغربی ممالک حماس کو ایک دہشت گرد گروپ قرار دے چکے ہیں۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
ایران معاہدے پر قائم نہ رہا تو "جہنم برپا کر دینگے"، امریکی صدر ٹرمپ
18/June/2026 👁️ 66 بار دیکھا گیا
مردان میں گردوارے کے اندر فائرنگ، معمر سکھ میاں بیوی ہلاک
18/June/2026 👁️ 138 بار دیکھا گیا
یوکرین جنگ پر جی سیون کا سخت فیصلہ، روس کیخلاف نئی پابندیوں کا اعلان
18/June/2026 👁️ 157 بار دیکھا گیا
جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے ساتھ بفر زون کم کردیا، پابندیوں میں نرمی کا اعلان
18/June/2026 👁️ 86 بار دیکھا گیا
اسرائیل کے جنوبی لبنان پر متعدد نئے فضائی حملے
18/June/2026 👁️ 85 بار دیکھا گیا
ٹانک میں گھر پر کواڈ کاپٹر حملہ، خاتون سمیت 4 افراد زخمی
18/June/2026 👁️ 126 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
جنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 8832 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 4567 بار دیکھا گیاپاکستانی طیاروں کا کابل، پکتیکا، خوست اور جلال آباد میں فضائی حملہ، متعدد ہلاکتیں
10/October/2025 👁️ 3276 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ کے انتہائی مطلوب کمانڈر تہران طوری کے حملے میں پولیس افسر ہلاک
15/August/2025 👁️ 2456 بار دیکھا گیاکیا آپ کو معلوم ہے خام تیل کے ایک بیرل سے کتنے لیٹر پٹرول اور ڈیزل بنتا ہے؟
01/February/2019 👁️ 2100 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ نے پولیس افسر قیصر حسین کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرلی
26/August/2025 👁️ 1902 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C