ایران پاکستان سمیت کئی ممالک میں سینکڑوں مخالفین کے قتل اور اغوا میں ملوث ہے: رپورٹ
👁️ 88 بار دیکھا گیا
ایران پاکستان سمیت کئی ممالک میں سینکڑوں مخالفین کے قتل اور اغوا میں ملوث ہے: رپورٹ
واشنگٹن (ڈیلی اردو/وی او اے) ایران کے حوالے سے حال ہی میں شائع ہونے والی ایک تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ایرانی حکومت سرحد پار سینکڑوں غیر قانونی اقدامات میں ملوث ہے جن میں مختلف ممالک میں اپنے مخالفین کو قتل اور اغوا کرنے جیسی کارروائیاں شامل ہیں۔
یہ رپورٹ ایران میں انسانی حقوق اور جمہوریت کے فروغ کے لیے کام کرنے والے عبدالرحمان برومند سینٹر نے جاری کی ہے جس کا عنوان ’ایران: اسٹیٹ وائلنس ود آؤٹ بارڈرز‘ ہے۔
عبد الرحمان برومند سینٹر کی رپورٹ کے مطابق فروری 1979 میں ایران میں انقلاب کے بعد قائم ہونے والی حکومت اپنے ’ناپسندیدہ‘ افراد کو ملک کے اندر اور باہر اپنے ایجنٹ کے ذریعے لاپتا کرنے، اغوا کرنے اور قتل کرنے کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔
رپورٹ میں ایسے 862 کیسز کا حوالہ دیا گیا ہے جن میں ایران نے امریکہ، کینیڈا، فرانس، برطانیہ، عراق، پاکستان، ترکیہ اور جرمنی جیسے ممالک میں اپنے مخالفین کو ’قتل‘ یا ’اغوا‘ کیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’ان کارروائیوں میں ایرانی حکام، سفارت کاروں اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے احکامات، منصوبہ بندی اور جرائم کا ارتکاب نہ صرف ثابت ہوچکا ہے بلکہ متعدد مواقع پر ایرانی حکام نے ان کارروائیوں کی تصدیق بھی کی ہے۔‘‘
عبدالرحمان برومند سینٹر کے مطابق عدم شفافیت، باقاعدہ تحقیقات نہ ہونے اور آزادانہ فیلڈ ریسرچ کی عدم موجودگی میں ان کارروائیوں کے متاثرین کی درست تعداد نامعلوم ہے جب کہ ایران نے اپنی سرحد سے باہر کم از کم 452 ایسی کارروائیاں کی ہیں۔
رپورٹ میں ایک نقشہ بھی شامل کیا گیا ہے جس کے مطابق ایران کی حکومت گزشتہ 45 سال میں 861 ماورائے قانون کیسز میں ملوث ہے جن میں 124 کیسز قتل، اقدامِ قتل یا جان سے مارنے کی دھمکیوں کے ہیں۔
سینٹر نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ایران میں ان جرائم میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی نہیں کی گئی ہے بلکہ حقائق سامنے لانے اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے کا مطالبہ کرنے والوں کو سزائیں دی گئی ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جن ممالک کی حدود میں یہ جرائم ہوئے ہیں وہ بھی کئی کیسز میں ’متاثرین‘ کی جان اور حصولِ انصاف جیسے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کی اپنی ذمے داریاں ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
سینٹر نے اپنی رپورٹ میں یہ نشاندہی بھی کی ہے کہ ایران کی کارروائیوں اور ان کے محرکات سے آگاہی کے باجود بعض ممالک نے سینٹر کے بقول متاثرین اور عوام کو درست معلومات تک رسائی نہیں دی ہے۔
اس کے بقول کئی کیسز میں قومی سلامتی، سیاسی ترجیحات اور معاشی مفادات کے پیش نظر ایسی کارروائیوں میں ملوث مشتبہ افراد کو گرفتار نہیں کیا گیا اور بعض صورتوں میں گرفتار شدہ ملزمان کو اپنے ملک سے باہر جانے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔
اس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ قوانین پر عمل درآمد اور جوابدہی نہ ہونے کی وجہ سے ایسی کارروائیوں میں ملوث افراد کو کھلی چھوٹ ملنے کا تاثر ملا ہے اور ان کے لیے آئندہ بھی ایسے اقدامات کرنے کی راہ ہموار ہوئی ہے جس کی وجہ سے مخالفین کو خاموش کرانے کے ایرانی حکومت کے عزائم کو تقویت ملی ہے۔
عبدالرحمان برومند سینٹر کا کہنا ہے کہ اس رپورٹ کی تیاری کا مقصد متاثرین کے حقوق کے تحفظ، سوسائٹی کی معلومات تک رسائی کے حق، اور ایران یا اس کے ایجنٹس کی ماورائے قانون قتل کی وارداتوں میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی کوششوں کے لیے معاونت فراہم کرنا ہے۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
کراچی میں آپریشن، کالعدم بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کے 5 دہشت گرد گرفتار
17/June/2026 👁️ 100 بار دیکھا گیا
ایران میں حکومتی تبدیلی کی کبھی پروا نہیں کی، امریکی صدر ٹرمپ
17/June/2026 👁️ 133 بار دیکھا گیا
چارسدہ میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، ٹی ٹی پی کے 3 مطلوب دہشت گرد ہلاک
17/June/2026 👁️ 169 بار دیکھا گیا
ماسکو میں روسی آئل ریفائنری کو یوکرینی ڈرون حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی
17/June/2026 👁️ 129 بار دیکھا گیا
پنجاب: اٹک میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک، خودکش جیکٹ برآمد
16/June/2026 👁️ 167 بار دیکھا گیا
اسرائیل نے لبنان پر حملے بند نہ کیے تو سخت جواب دیا جائے گا، ایران
16/June/2026 👁️ 171 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
جنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 8831 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 4563 بار دیکھا گیاپاکستانی طیاروں کا کابل، پکتیکا، خوست اور جلال آباد میں فضائی حملہ، متعدد ہلاکتیں
10/October/2025 👁️ 3275 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ کے انتہائی مطلوب کمانڈر تہران طوری کے حملے میں پولیس افسر ہلاک
15/August/2025 👁️ 2452 بار دیکھا گیاکیا آپ کو معلوم ہے خام تیل کے ایک بیرل سے کتنے لیٹر پٹرول اور ڈیزل بنتا ہے؟
01/February/2019 👁️ 2096 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ نے پولیس افسر قیصر حسین کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرلی
26/August/2025 👁️ 1899 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C