ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے سے متعلق چونکا دینے والے انکشافات
👁️ 214 بار دیکھا گیا
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے سے متعلق چونکا دینے والے انکشافات
تہران (ڈیلی اردو/ارنا/وی او اے) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے چیف آف اسٹاف غلام حسین اسماعیلی نے ہیلی کاپٹر حادثے کے حوالے سے کئی انکشافات کیے ہیں۔
ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ’اسلامک ری پبلک نیوز ایجنسی‘ (ارنا) کی ایک رپورٹ کے مطابق غلام حسین اسماعیلی نے سرکاری ٹی وی کو انٹرویو میں بتایا کہ وہ صدر رئیسی کے قافلے میں شامل تین ہیلی کاپٹروں میں سے ایک میں سوار تھے۔
ایرانی صوبے مشرقی آذربائیجان میں اتوار کو پیش آنے والے حادثے کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ مشرقی آذربائیجان میں تقریب سے واپسی کے لیے صدر رئیسی کے ہیلی کاپٹروں کے قافلے نے دن میں لگ بھگ ایک بجے پرواز کا آغاز کیا۔ اس وقت علاقے کا موسم بالکل معمول کے مطابق تھا۔
ان کے بقول پرواز کے لگ بھگ 45 منٹ کے بعد صدر کے ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کیپٹن مصطفوی نے دیگر دو ہیلی کاپٹروں کے پائلٹوں کو ہدایت کی کہ وہ مزید بلندی پر چلے جائیں کیوں کہ آگے بادل نظر آ رہے ہیں۔
غلام حسین کے مطابق کیپٹن مصطفوی قافلے کے انچارج تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر کا ہیلی کاپٹر باقی دونوں ہیلی کاپٹروں کے درمیان میں پرواز کر رہا تھا۔ لیکن جب انچارج کیپٹن مصطفوی کے احکام کے مطابق ہیلی کاپٹر بلندی پر گئے تو صدر کا ہیلی کاپٹر اچانک غائب ہو گیا۔
غلام حسین اسماعیلی کے مطابق ان کے ہیلی کاپٹر کے پائلٹ نے لگ بھگ 30 سیکنڈز تک بادلوں کے اوپر پرواز کی تو انہیں محسوس ہوا کہ درمیان میں اڑنے والا صدر رئیسی کا ہیلی کاپٹر نظر نہیں آ رہا جس میں کئی دیگر اعلیٰ حکام بھی سوار تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے ہیلی کاپٹر کے پائلٹ نے فیصلہ کیا کہ وہ ایک دائرے میں چکر لگا کر واپس آئیں گے تاکہ صدر کے ہیلی کاپٹر کو تلاش کر سکیں۔
واضح رہے کہ صدر ابراہیم رئیسی کے تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ ورزقان کے علاقے سے پیر کی صبح ملا تھا۔ حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی، وزیرِ خارجہ حسین امیر عبد الہیان، تبریز میں نمازِ جمعہ کے امام اور سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے نمائندے آیت اللہ آلِ ہاشم، مشرقی آذربائیجان کے گورنر جنرل مالک رحمتی سمیت آٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
صدر رئیسی کے چیف آف اسٹاف کے بقول بادلوں کے سبب ان کا ہیلی کاپٹر ایک مخصوص حد کے بعد نیچے نہیں جا سکتا تھا۔ اس لیے ان کے ہیلی کاپٹر نے پرواز جاری رکھی اور قریب واقع تانبے کی کانوں کے پاس لینڈ کیا۔
غلام حسین اسماعیلی کے مطابق صدر کے ہیلی کاپٹر سے کئی بار ریڈیو کے ذریعے رابطہ کرنے کی کوشش کی۔ اس کے علاوہ صدر کے ساتھ سوار وزیرِ خارجہ حسین امیر عبد اللہان اور پریذیڈینشل پروٹیکشن یونٹ کے سربراہ سے مسلسل رابطے کے باوجود کوئی جواب نہیں ملا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دیگر دو ہیلی کاپٹروں کے پائلٹ مصطفوی سے مسلسل رابطہ کر رہے تھے۔ لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ اسی دوران سپریم لیڈر کے نمائندے آیت اللہ محمد علی آلِ ہاشم نے کال ریسیو کی اور بتایا کہ ان کا ہیلی کاپٹر وادی میں گر چکا ہے۔
ان کے بقول آیت اللہ محمد علی آلِ ہاشم کی حالت بھی بہتر نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد انہوں نے خود بھی آیت اللہ محمد علی آلِ ہاشم سے رابطہ کیا جس پر انہوں نے بالکل پہلے والا جواب دیا کہ صورتِ حال بہتر نہیں ہے۔
غلام حسین اسماعیلی کے مطابق جب واقعے کے مقام کی نشان دہی ہوئی تو صدر ابراہیم رئیسی اور دیگر افراد کی لاشوں کو دیکھ کر اندازہ ہو رہا تھا کہ ان کی موت ہیلی کاپٹر کریش ہوتے ہی ہو گئی تھی جب کہ آیت اللہ محمد علی آلِ ہاشم واقعے کے کئی گھنٹے بعد بھی زندہ تھے۔
صدر رئیسی کی ہلاکت کے بعد ایران کی صدارت ان کے اول نائب صدر محمد مخبر کے حوالے کر دی گئی ہے۔
محمد مخبر عبوری صدارت سنبھالنے کے ساتھ ساتھ آئین کے مطابق اس تین رکنی کونسل میں بھی شامل ہوں گے جو آئندہ 50 روز کے اندر صدارتی انتخاب منعقد کرائے گی۔
دوسری جانب ایرانی حکام نے ہیلی کاپٹر حادثے کی تحقیقات کا بھی آغاز کر دیا ہے۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
حوثیوں کا سعودی عرب کی راس تنورہ آئل ریفائنری پر میزائل حملے کا دعویٰ، تنصیب کے قریب آگ لگنے کی اطلاع
27/October/2026 👁️ 1 بار دیکھا گیا
مجتبیٰ خامنہ ای کا جنگ اور امن کے درمیان غیر یقینی صورت حال ختم کرنے پر زور
27/October/2026 👁️ 33 بار دیکھا گیا
جنوبی وزیرستان: مسجد میں نماز کے دوران ڈرون حملہ، 4 افراد زخمی، شدید فائرنگ اور گولہ باری سے شہری محصور
27/October/2026 👁️ 66 بار دیکھا گیا
خطے کے ممالک اپنی سکیورٹی کے لیے امریکہ پر انحصار نہ کریں، محسن رضائی
27/October/2026 👁️ 66 بار دیکھا گیا
ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ بندی کو وقت کا ضیاع قرار دے دیا، معاہدے پر اپنے سابقہ مؤقف سے پیچھے ہٹ گئے
27/October/2026 👁️ 101 بار دیکھا گیا
محسن رضائی: تہران اجلاس علاقائی اتحاد کی تشکیل میں اہم پیش رفت ثابت ہوسکتا ہے، بیرونی مداخلت کے بغیر سلامتی پر زور
27/October/2026 👁️ 86 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
ٹرمپ کا ایران کو آخری الٹی میٹم، ڈیل نہ ہوئی تو تباہ کن کارروائی کی دھمکی
04/August/2026 👁️ 26407 بار دیکھا گیاایران میں موساد کیلئے جاسوسی کا الزام، دو افراد کو پھانسی دے دی گئی
04/August/2026 👁️ 15644 بار دیکھا گیاحوثیوں کا سعودی عرب کے نجران ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ
05/August/2026 👁️ 11941 بار دیکھا گیاجنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 9303 بار دیکھا گیایمن میں حوثی باغیوں کے میزائل اور ڈرون حملے، 36 فوجی اہلکار ہلاک
07/August/2026 👁️ 7557 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 5527 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C