بابری مسجد کی جگہ رام مندر پر ’دھرم دھَوَج‘ لہرانا افسوسناک، پاکستان
👁️ 292 بار دیکھا گیا
بابری مسجد کی جگہ رام مندر پر ’دھرم دھَوَج‘ لہرانا افسوسناک، پاکستان
نئی دہلی /اسلام آباد (ڈیلی اردو/ڈی پی اے نیوز ایجنسیاں) بھارتی وزیراعظم مودی نے ایودھیا کے رام مندر میں پرچم کشائی کو پانچ سو سال پرانے خواب کی تکمیل بتایا۔ جبکہ پاکستان نے الزام لگایا کہ بھارت اپنے مسلم شہریوں کو سماجی، معاشی اور سیاسی طور پر پسماندہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور ہندوتوا کی علمبرار جماعت آرایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے ایودھیا میں منہدم تاریخی بابری مسجد کی جگہ تعمیر رام مندر میں 'دھرم دھَوَج‘ (مذہبی پرچم) لہرایا۔ حالانکہ انہوں نے گزشتہ سال بائیس جنوری کو مندر کا افتتاح کیا تھا، لیکن پرچم کشائی کا مقصد مندر کی تعمیر کی تکمیل کا باضابطہ اعلان ہے۔
پاکستان کا ردعمل
پاکستان نے منگل کو ایودھیا میں رام مندر پر پرچم کشائی پر بھارت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا، اور اسے ملک میں اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے ایک پریشان کن اشارہ قرار دیا ہے۔ پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں بھارت میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت اور مسلمانوں کے حاشیہ بردار ہونے پر''گہری تشویش‘‘کا اظہار کیا۔
پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق وزارت خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بابری مسجد کے انہدام کے بعد ہونے والے عدالتی عمل، جس نے مجرموں کو بری کیا اور مسجد کی جگہ مندر کی تعمیر کی اجازت دی، ''اقلیتوں کے خلاف بھارتی ریاست کے امتیازی رویے کا واضح ثبوت ہے۔‘‘
خیال رہے کہ مغل بادشاہ ظہیر الدین محمد بابر کے دور حکومت میں اترپردیش کے ایودھیا میں تعمیر کی گئی بابری مسجد کو 6 دسمبر 1992 کو ہندو انتہاپسند کے ایک ہجوم نے منہدم کر دیا تھا۔ اس کے بعد ایک طویل عدالتی لڑائی چلی اور سپریم کورٹ نے وہاں رام مندر کی تعمیر کے حق میں فیصلہ سنایا۔
پاکستانی وزارت خارجہ کے بیان میں بھارت میں اس واقعے کے بعد ہونے والے عدالتی اور سیاسی عمل پر بھی سخت تنقید کی گئی ہے۔ پاکستان نے دعویٰ کیا کہ مسجد گرانے کے ذمہ داروں کو ''بری‘‘ کر دیا گیا۔
عالمی مداخلت کی اپیل
پرچم کشائی کی تقریب کو وسیع تر مسائل سے جوڑتے ہوئے پاکستان نے بھارت پر الزام لگایا ہے کہ وہ اپنے مسلم شہریوں کو سماجی، معاشی اور سیاسی طور پر پسماندگی کی طرف دھکیل رہا ہے۔ اور ایودھیا میں منعقدہ یہ تقریب ''مسلمانوں کے مذہبی اور ثقافتی ورثے کو منظم انداز میں مٹانے کی ایک دانستہ کوشش ہے جو اکثریتی ہندوتوا نظریے کے زیرِ اثر کی جا رہی ہے‘‘۔
پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے دعویٰ کیا کہ بھارت کی دیگر متعدد تاریخی مساجد بھی انہدام یا تبدیلی کے اسی طرح کے خطرات سے دوچار ہیں۔
پاکستان نے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ بھارت میں بڑھتی ہوئی اسلام دشمنی اور نفرت انگیز تقاریر کا نوٹس لیں۔ بیان میں اقوامِ متحدہ اور بین الاقوامی انسانی حقوق تنظیموں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مسلم مذہبی ورثے کے تحفظ اور عالمی قوانین و معاہدوں کے تحت اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت کے لیے کردار ادا کریں۔
بیان میں کہا گیا ہے،''اقوامِ متحدہ اور متعلقہ بین الاقوامی اداروں کو اسلامی ورثے کے تحفظ اور تمام اقلیتوں کے مذہبی و ثقافتی حقوق کے تحفظ کے لیے تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے۔‘‘
صدیوں پرانا خواب پورا ہوا، مودی
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز رام مندر کی چھت پر ''دھرم دھوج‘‘ لہرانے کو’’بھارت کی بیداری کا پرچم‘‘ قرار دیا اور کہا کہ پوری دنیا رام کی عقیدت میں ڈوبی ہوئی ہے۔
مودی نے گزشتہ سال 22 جنوری کو مندر میں رام کی مورتی کی پران پرتِشٹھا (تقدیس) کی تھی۔ تب سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت مندر کے احاطے میں مسلسل پروگرام منعقد کر رہی ہے تاکہ اس مندر کی تعمیر میں پارٹی کے کردار کو اجاگر کیا جا سکے۔
مودی نے پرچم کشائی کے بعد کہا، ''ہر رام بھکت کے دل میں غیر معمولی مسرت ہے… صدیوں کے زخم بھر رہے ہیں… صدیوں پر محیط عہد آج حقیقت بن رہا ہے۔ دھرم دھوج بھارت کی بیداری کا پرچم ہے۔‘‘
انہوں نے پرچم کو پانچ سو برسوں کا خواب سچ ہونے اور اگلے ایک ہزار برسوں کی بنیاد کو مصبوط کرنے کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا، ''یہ پرچم رام راجیہ کی علامت ہے… یہ پرچم ہمارا عزم اور ہماری کامیابی ہے۔‘‘
آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کا کہنا تھا کہ یہ کئی نسلوں کی قربانیوں کا پھل ہے۔
لیکن بھارت میں اس پر کافی چہ مگوئیاں ہو رہی ہیں کہ اتنے اہم ترین مذہبی رسم کو کسی شنکر آچاریہ کے بجائے سیاسی رہنماؤں نے کیوں انجام دیا۔ خیال رہے کہ شنکر آچاریہ ہندوؤں کے اعلیٰ ترین مذہبی رہنما ہوتے ہیں اور مذہبی امور میں ان کا قول حرف آخر ہوتا ہے۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
بنوں اور شمالی وزیرستان میں مبینہ ڈرون حملے، 2 افراد زخمی، مکان کو شدید نقصان
24/October/2026 👁️ 48 بار دیکھا گیا
پاراچنار: بغدی میں بارودی سرنگ کا دھماکہ، ایک شخص ہلاک
24/October/2026 👁️ 61 بار دیکھا گیا
الخلیل میں اسرائیلی فوج کا بڑا آپریشن، سیکڑوں فلسطینی خاندانوں کو گھر خالی کرنے کا حکم
24/October/2026 👁️ 77 بار دیکھا گیا
آبنائے ہرمز میں مزید دو آئل ٹینکرز بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے ، پاسدران انقلاب کا دعویٰ
24/October/2026 👁️ 89 بار دیکھا گیا
لندن: القاعدہ اور ٹی ٹی پی کو تکنیکی معاونت فراہم کرنے والے 18 سالہ نوجوان کو چار سال سے زائد قید
24/October/2026 👁️ 74 بار دیکھا گیا
ریاض میں دو دھماکوں کی آوازیں، سعودی عرب کا بیلسٹک میزائل اور ڈرون مار گرانے کا دعویٰ
24/October/2026 👁️ 73 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
ٹرمپ کا ایران کو آخری الٹی میٹم، ڈیل نہ ہوئی تو تباہ کن کارروائی کی دھمکی
04/August/2026 👁️ 26395 بار دیکھا گیاایران میں موساد کیلئے جاسوسی کا الزام، دو افراد کو پھانسی دے دی گئی
04/August/2026 👁️ 15631 بار دیکھا گیاحوثیوں کا سعودی عرب کے نجران ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ
05/August/2026 👁️ 11930 بار دیکھا گیاجنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 9285 بار دیکھا گیایمن میں حوثی باغیوں کے میزائل اور ڈرون حملے، 36 فوجی اہلکار ہلاک
07/August/2026 👁️ 7544 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 5507 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C