08/April/2025

بلوچستان میں شدت پسندی کے واقعات میں اضافہ، سیکیورٹی اہلکاروں پر حملے، دھماکے، اور ہلاکتیں رپورٹ

👁️ 65 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
بلوچستان میں شدت پسندی کے واقعات میں اضافہ، سیکیورٹی اہلکاروں پر حملے، دھماکے، اور ہلاکتیں رپورٹ

بلوچستان میں شدت پسندی کے واقعات میں اضافہ، سیکیورٹی اہلکاروں پر حملے، دھماکے، اور ہلاکتیں رپورٹ

کوئٹہ (نمائندگان ڈیلی اردو) پاکستان کے دیگر حصوں کی طرح بلوچستان میں بھی شدت پسندی کے واقعات میں ایک بار پھر تیزی آ گئی ہے۔ صوبے کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے پرتشدد واقعات میں سیکیورٹی فورسز اور شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ متعدد شدت پسندوں کی ہلاکت کی بھی اطلاعات ہیں۔

نوشکی میں ایف سی اہلکار ہلاک

ضلع نوشکی کے علاقے قادر آباد میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے فرنٹیئر کور (ایف سی) کا اہلکار ظاہر ولد گوہر خان ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق اہلکار عید کی چھٹیاں منانے کے لیے گھر آیا ہوا تھا جب اسے نشانہ بنایا گیا۔ لاش کو ڈی ایچ کیو اسپتال نوشکی منتقل کیا گیا، جہاں ضابطے کی کارروائی کے بعد اسے ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔

خاران میں ریڈ زون کے قریب دھماکہ، ایک شخص زخمی

بلوچستان کے ضلع خاران کے ریڈ زون میں واقع کمشنر رخشان ڈویژن کی رہائش گاہ کے قریب زور دار دھماکہ ہوا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں ایک شخص زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

دُکی کے پہاڑی علاقے میں شدت پسندوں کے کیمپوں پر کارروائی

ضلع دُکی کے پہاڑی علاقے ڈھاڈر میں سیکیورٹی فورسز نے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے دو کیمپوں کو نشانہ بنایا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی میں کئی شدت پسندوں کی ہلاکت کی مصدقہ اطلاعات ملی ہیں، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

گوادر میں فورسز کی گاڑی کو بم دھماکے سے نشانہ بنایا گیا

گوادر کے علاقے جیونی میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر بارودی مواد سے حملہ کیا گیا۔ دھماکے میں نقصان کی تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکیں، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔

تُربت میں اغوا شدہ ایف سی اہلکار بازیاب

تُربت میں چند روز قبل بلوچ شدت پسندوں کے کیمپ سے اغوا کیے گئے تین ایف سی اہلکار فرار ہو کر واپس پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق اہلکاروں نے شدت پسندوں کے چنگل سے نکل کر محفوظ مقام تک پہنچنے کے بعد فورسز کو اطلاع دی۔

مشکے سے جبری لاپتہ نادر بلوچ کی لاش برآمد

ضلع آواران کے علاقے مشکے سے تعلق رکھنے والے نادر بلوچ کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق نادر بلوچ کو ایک روز قبل مبینہ طور پر پاکستانی فورسز نے جبری طور پر لاپتہ کیا تھا۔ انسانی حقوق کے کارکنان نے واقعے کو ماورائے عدالت قتل قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

کیچ میں ایک شخص کی لاش برآمد

ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں پولیس کو کور ندی سے ایک لاش ملی ہے جسے شناخت کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت عبدالسلام ولد شیر محمد ساکن الندور بلیدہ کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کی تفتیش جاری ہے۔

دہشت گردی کے واقعات میں تیزی

خیال رہے کہ نومبر 2022 میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے حکومت کے ساتھ جنگ بندی کا معاہدہ ختم کرنے کے بعد ملک بھر بالخصوص خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گرد حملوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ان حملوں میں زیادہ تر سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ شدت پسند تنظیمیں دوبارہ منظم ہو رہی ہیں، جس کے باعث سیکیورٹی فورسز نے حساس علاقوں میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز تیز کر دیے ہیں۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C