04/May/2025

خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کی نئی لہر: اغوا، ہلاکتیں، لوٹ مار اور اسلحہ حوالگی کی سرگرمیاں جاری

👁️ 94 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کی نئی لہر: اغوا، ہلاکتیں، لوٹ مار اور اسلحہ حوالگی کی سرگرمیاں جاری

خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کی نئی لہر: اغوا، ہلاکتیں، لوٹ مار اور اسلحہ حوالگی کی سرگرمیاں جاری

پشاور (ڈیلی اردو رپورٹ) پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع شمالی، جنوبی وزیرستان، بنوں، خیبر، چارسدہ، کرم اور ڈیرہ اسماعیل خان سے دہشتگردی اور سیکیورٹی سے متعلق کئی اہم واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جن سے خطے کی غیر مستحکم صورتحال مزید نمایاں ہو گئی ہے۔

شمالی وزیرستان: پولیس اہلکار اغوا

شمالی وزیرستان کی تحصیل شیواہ کے گاؤں ملک شاہی میں دہشتگردوں نے پولیس کانسٹیبل محمد کامران کو اغوا کر لیا۔ وہ سپین وام پولیس اسٹیشن میں تعینات تھے۔ پولیس کے مطابق اہلکار کو دہشتگرد نامعلوم مقام پر منتقل کر چکے ہیں۔

جنوبی وزیرستان: قبائلی رہنما ہلاک، بھانجا اغوا

تحصیل شکئی کے علاقے ژاوار میں دہشتگردوں نے قبائلی مشر حاجی علی بات خان پوتئے خیل کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا، جبکہ ان کے بھانجے کو اغوا کر کے ساتھ لے گئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ضلع خیبر: دہشتگردوں کے ٹھکانے مسمار

وادی تیراہ کے سالار چوک میں سیکیورٹی فورسز نے دو دہشتگردوں کے گھروں کو مسمار کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ان گھروں سے سیکیورٹی اہلکاروں پر متعدد حملے کیے گئے تھے۔

بنوں: پیٹرولیم کمپنی کی گاڑیوں پر حملہ

بنوں کی سب ڈویژن وزیر کے علاقے گنگی خیل میں دہشتگردوں نے راشن سے بھری دو گاڑیاں لوٹ لیں۔ موٹر سائیکلوں پر سوار حملہ آوروں نے گاڑیوں کو روک کر راشن اتارا اور ڈرائیوروں کو چھوڑ کر فرار ہو گئے۔

چارسدہ: مبینہ دہشتگرد گرفتار

تھانہ خواجہ وس کی حدود شیخ شنڈا بابا میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شاہ ولی نامی مبینہ دہشتگرد کو گرفتار کر لیا۔ اس کے قبضے سے 13 فٹ پرائما کورڈ، ایک دستی بم اور پستول برآمد ہوا۔ دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان: بارودی دھماکے میں مچھیرا ہلاک

غفارے والا بند پر دریائے سندھ میں جال میں پھنسے بارودی مواد کے دھماکے سے مچھیرا حضور بخش سندھی ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی نوعیت کی تحقیقات جاری ہیں کہ دھماکہ زمینی سرنگ سے ہوا یا کسی اور مواد سے۔

ضلع کرم: بنکرز مسمار، اسلحہ حوالگی مہم جاری

ضلع کرم میں بدامنی پر قابو پانے کے لیے سیکیورٹی فورسز، انتظامیہ اور قبائلی عمائدین کی کوششوں سے اسلحہ حوالگی مہم زور پکڑ چکی ہے۔ کوہاٹ معاہدے کے تحت اب تک تقریباً ایک ہزار بنکرز مسمار کیے جا چکے ہیں، جبکہ قبائل کی جانب سے بھاری اسلحہ رضاکارانہ طور پر سرکاری اداروں کے حوالے کیا جا رہا ہے۔

مقامی سطح پر اسلحہ حوالگی کی تقریبات کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے، جس میں قبائلی عمائدین اور سیکیورٹی افسران شریک ہو رہے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ اقدامات خطے میں پائیدار امن کے لیے سنگِ میل ثابت ہوں گے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C