پاکستان میں 2023ء میں ایک دہائی کے سب سے زیادہ خودکش حملے
👁️ 38 بار دیکھا گیا
پاکستان میں 2023ء میں ایک دہائی کے سب سے زیادہ خودکش حملے
اسلام آباد (ڈیلی اردو/ڈوئچے ویلے) ایک پاکستانی تھنک ٹینک کی رپورٹ کے مطابق ان حملوں سے صوبہ خیبر پختونخوا سب سے زیادہ متاثر ہوا، جہاں 250 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق اس سے قبل پاکستان میں خودکش حملوں میں سب سے زیادہ ہلاکتیں 2013 میں ہوئی تھیں۔
پاکستان کے لیے عنقریب ختم ہونے والا سال 2023ء ایک دہائی کے بعد دہشت گردی کے حوالے سے مہلک ترین سال ثابت ہوا۔ 2023ء میں ملک میں مجموعی طور پر 29 خودکش حملے کیے گئے، جو 2014 کے بعد خودکش حملوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اس حوالے سے اسلام آباد میں قائم ایک سرکردہ تھنک ٹینک پاکستان انسٹیٹیوٹ فار کانفلِکٹ اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز (پی آئی سی ایس ایس) نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں کہا کہ ملک بھر میں عسکریت پسندوں کے حملوں میں ”پریشان کن‘‘ اضافے پر خطرے کی گھنٹیاں بج اٹھی ہیں۔
پاکستان نومبر 2022 سے عسکریت پسندوں کے حملوں کی زد میں ہے، جب پاکستانی طالبان اور ریاست کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ ٹوٹ گیا تھا۔ پڑوسی ملک افغانستان کے ساتھ طویل سرحد رکھنے والا پاکستان کا شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخوا ان دہشت گردانہ اور عسکریت پسندانہ کارروائیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوا۔
اس سال کے اوائل میں پشاور کی مرکزی پولیس لائن پر خودکش حملے میں 80 سے زائد افراد ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے تھے۔
پی آئی سی ایس ایس کے مطابق، ”2023 میں ملک نے ایسے (خودکش) حملوں میں پریشان کن اضافہ دیکھا، جو 2014 کے بعد سے بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔ ان 29 خودکش حملوں کے نتیجے میں 329 انسانی جانیں ضائع ہوئیں اور 582 افراد زخمی ہوئے۔‘‘
اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آخری بار پاکستان میں خودکش حملوں میں سب سے زیادہ ہلاکتیں 2013 میں ہوئی تھیں، جب 47 خودکش بم دھماکوں میں 683 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس تھنک ٹینک کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں پاکستان میں اس سال خودکش حملوں کی تعداد میں ‘پریشان کن‘ 93 فیصد اضافے اور ان کے نتیجے میں ہونے والی اموات میں 226 فیصد جبکہ زخمیوں کی تعداد میں 101 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
اس رپورٹ کے مطابق، ”ان دہشت گردانہ حملوں کی کل تعداد میں خودکش حملوں کا تناسب 2022 میں 3.9 فیصد کے مقابلے میں 2023 میں بڑھ کر 4.7 فیصد ہو گیا، جو صورت حال کی سنگینی کو واضح کرتا ہے۔‘‘ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں اس سال سب سے زیادہ 23 خودکش حملوں میں 254 افراد ہلاک اور 512 زخمی ہوئے۔ 23 میں سے 13 خودکش بم دھماکے ماضی میں وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں (فاٹا) میں ہوئے، جن میں 85 افراد ہلاک اور 206 زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں 5 خودکش حملے کیے گئے، جن میں 67 افراد ہلاک اور 52 زخمی ہوئے، جب کہ جنوبی صوبہ سندھ میں ایک خودکش حملہ ہوا، جس کے نتیجے میں آٹھ افراد مارے گئے اور 18 زخمی ہوئے۔
پی آئی سی ایس ایس نے کہا ہے، ”ان پریشان کن اعداد و شمار سے مزید پتہ چلتا ہے کہ سکیورٹی فورسز ان حملوں کا بنیادی ہدف تھیں، جبکہ عام شہری ان حملوں کا دوسرا سب سے بڑا شکار تھے۔‘‘ رپورٹ کے مطابق اس سال ایسے حملوں میں ہونے والی کل اموات میں سے 48 فیصد اور مجموعی زخمیوں میں سے 58 فیصد پاکستانی سکیورٹی فورسز کے اہلکار تھے۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
محسن رضائی کی پوتن سے اہم ملاقات، مجتبیٰ خامنہ ای کا خصوصی پیغام پہنچا دیا
06/November/2026 👁️ 71 بار دیکھا گیا
سعودی عرب کا مدینہ منورہ کی جانب آنے والا بیلسٹک میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ
06/November/2026 👁️ 75 بار دیکھا گیا
راولا کوٹ : ایکشن کمیٹی کے دھرنے کے خلاف سکیورٹی آپریشن، فائرنگ کا تبادلہ، ہلاکتوں اور متعدد زخمیوں کے دعوے
06/November/2026 👁️ 70 بار دیکھا گیا
جنوبی وزیرستان لوئر میں دہشتگردوں کے خلاف مقامی آبادی کی مزاحمت، مسلح افراد کی موٹرسائیکلیں نذر آتش
05/November/2026 👁️ 81 بار دیکھا گیا
شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کا کواڈ کاپٹر حملہ، شہری زخمی
05/November/2026 👁️ 84 بار دیکھا گیا
بنوں : انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی، دہشتگرد کمانڈر گرینیڈ ہلاک
05/November/2026 👁️ 106 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
ٹرمپ کا ایران کو آخری الٹی میٹم، ڈیل نہ ہوئی تو تباہ کن کارروائی کی دھمکی
04/August/2026 👁️ 26441 بار دیکھا گیاایران میں موساد کیلئے جاسوسی کا الزام، دو افراد کو پھانسی دے دی گئی
04/August/2026 👁️ 15673 بار دیکھا گیاحوثیوں کا سعودی عرب کے نجران ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ
05/August/2026 👁️ 11977 بار دیکھا گیاجنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 9340 بار دیکھا گیایمن میں حوثی باغیوں کے میزائل اور ڈرون حملے، 36 فوجی اہلکار ہلاک
07/August/2026 👁️ 7591 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 5587 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C