02/February/2021

کشمالہ طارق کے بیٹے کی گاڑی نے 6 افراد کو کچل دیا، 4 ہلاک، 2 شدید زخمی

👁️ 120 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
کشمالہ طارق کے بیٹے کی گاڑی نے 6 افراد کو کچل دیا، 4 ہلاک، 2 شدید زخمی

کشمالہ طارق کے بیٹے کی گاڑی نے 6 افراد کو کچل دیا، 4 ہلاک، 2 شدید زخمی

اسلام آباد (ڈیلی اردو) اسلام آباد میں ایک اور پروٹوکول 4 افراد کی جان لے گیا، سیکٹر جی الیون میں وفاقی محتسب انسدادِ ہراسانی کشمالہ طارق کے پروٹوکول کی تیز رفتار گاڑی نے اشارہ توڑتے ہوئے 6 افراد کو کچل دیا۔ 4 ہسپتال میں چل بسے، 2 زخموں سے چُور ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی سری نگر ہائی وے پر وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسانی کشمالہ طارق کے پروٹوکول نے 6 جیتے جاگتے، ہنستے کھیلتے انسانوں کو کیڑے مکوڑے کی طرح کچل دیا۔ چار افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 2 زخموں سے چُور بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ لاپرواہی کے ساتھ ساتھ قانون شکنی بھی کی گئی۔

جی الیون اسلام آباد میں کشمالہ طارق کے شوہر اور بیٹے کی گاڑیوں کے قافلے نے سگنل توڑا اور دوسری جانب سے آتی ہوئی گاڑی اور موٹرسائیکل پرچڑھ دوڑیں۔

https://twitter.com/Noorulamin000/status/1356309935953350659?s=19

سی سی ٹی وی فوٹیج میں کار اور موٹر سائیکل کو کچلتے دیکھا جاسکتا ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ تیز رفتار گاڑیوں کے قافلے نے جس طرح سے گاڑی اور موٹر سائکل کو کچلا اس کی مثال نہیں ملتی۔

پولیس کے مطابق ٹکر مارنے والی گاڑی کو مبینہ طور پر کشمالہ طارق کا بیٹا اذلان چلا رہا تھا۔

واقعے میں ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت انیس، حیدر، فیصل اور فاروق کے نام سے کی گئی، جن کا تعلق مانسہرہ سے تھا جو انٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کا ٹیسٹ دینے اسلام آباد آئے تھے۔ لاشوں اور زخمی شخص کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق قافلے میں ایک سرکاری نمبر پلیٹ کی گاڑی بھی شامل تھی۔ ایک گاڑی میں وفاقی محتسب برائے ہراسانی کشمالہ طارق کے شوہر ملک وقاص جبکہ دوسری میں ان کا بیٹا موجود تھا۔

واقعے کے بعد ملک وقاص کے فیاض دین نامی ڈرائیور نے خود کو گرفتاری کیلئے پیش کیا جبکہ پولیس نے گاڑیوں میں سوار افراد کا میڈیکل بھی نہیں کیا۔

پولیس نے کشمالہ طارق کے خاوند وقاص خان کو تھانے منتقل کیا مگر وہ ڈرائیور فیاض دین کو بٹھا کر چلتے بنے، درخواست میں نامزد ملزم اذلان کو تاحال گرفتار نہ کیا جا سکا۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C