06/November/2026

اپر کرم : افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام، مسلح افغان دہشتگرد گرفتار

👁️ 41 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
اپر کرم :  افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام، مسلح افغان دہشتگرد گرفتار

اپر کرم : افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام، مسلح افغان دہشتگرد گرفتار

اپر کرم (ڈیلی اردو) پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے شورش زدہ ضلع اپر کرم میں سکیورٹی اداروں نے افغانستان سے پاکستان میں مبینہ دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک مسلح افغان دہشتگرد کو گرفتار کرلیا، جبکہ اس کے دیگر ساتھی سرحد عبور کرنے میں ناکام رہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار دہشتگرد کی شناخت قاری وقاص عرف قدوس کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق افغانستان کے علاقے اسپین غر سے بتایا جاتا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران گرفتار ملزم نے مبینہ طور پر انکشاف کیا کہ وہ پاکستان میں داخل ہوکر کاظم گروپ میں شمولیت اختیار کرنا چاہتا تھا۔

ذرائع کے مطابق گرفتار دہشتگرد کی تلاشی کے دوران ایک سب مشین گن، چار میگزین اور 88 گولیاں برآمد ہوئیں۔ اس کے علاوہ ایک نوٹ بک بھی قبضے میں لی گئی، جس میں مختلف مقامات کی معلومات اور بم بنانے کی تکنیک سے متعلق نوٹس درج تھے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان سے آنے والی مسلح دہشتگرد تشکیل کے دیگر ارکان سرحد عبور کرنے میں ناکام رہے، جبکہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس کے ممکنہ ساتھیوں، نیٹ ورک اور پاکستان میں داخلے کے مقاصد سے متعلق معلومات حاصل کی جاسکیں۔

واضح رہے کہ 5 نومبر کو بھی ضلع کرم کے شلوزان سیکٹر میں افغانستان سے دہشتگردوں کی ایک تشکیل کی جانب سے سرحد عبور کرنے کی کوشش ناکام بنائی گئی تھی۔ ریڈیو پاکستان اور دیگر میڈیا رپورٹس کے مطابق اس موقع پر افغان طالبان فورسز کی جانب سے پاکستانی سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی، جس کے جواب میں پاکستانی فورسز نے بھاری ہتھیاروں سے کارروائی کی۔ سکیورٹی ذرائع نے اس جوابی کارروائی میں افغان طالبان کی سرحدی چوکیوں کو نقصان پہنچنے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی علاقوں میں دراندازی اور فائرنگ کے واقعات کے باعث سکیورٹی صورتحال مسلسل کشیدہ ہے۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ سرحد پار موجود مسلح گروہ پاکستانی علاقوں میں حملوں کی منصوبہ بندی کرتے ہیں، جبکہ افغان طالبان حکومت ماضی میں اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے کے الزامات کی تردید کرتی رہی ہے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C