غزہ پر تازہ اسرائیلی حملوں میں 29 فلسطینی ہلاک
👁️ 79 بار دیکھا گیا
غزہ پر تازہ اسرائیلی حملوں میں 29 فلسطینی ہلاک
غزہ (ڈیلی اردو/اے پی/اے ایف پی/رائٹرز) غزہ میں حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ منگل کی شب اور بدھ کی صبح تک اسرائیلی حملوں میں مزید کم از کم 29 افراد ہلاک ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں شمالی غزہ کے ایک گھر میں پناہ لیے ہوئے 19 افراد بھی شامل ہیں۔ یہ تازہ ہلاکتیں ایک ایسے وقت پر ہوئی ہیں، جب امریکی صدر جو بائیڈن کی آئندہ ماہ سبکدوش ہونے والی انتظامیہ کی جانب سے جلد ہی غزہ میں جنگ بندی کی امیدیں ظاہر کی جا رہی ہیں۔ لیکن کئی مہینوں سے جاری جنگ بندی مذاکرات بار بار تعطل کا شکار ہوتے آ رہے ہیں۔
یہ حملہ، جس میں 19 افراد ہلاک ہوئے، اسرائیل کی سرحد کے قریب واقع شمالی غزہ کے قصبے بیت لاہیہ میں کیا گیا۔ ہلاک ہونے والوں کی لاشیں وصول کرنے والے کمال عدوان ہسپتال کی انتظامیہ کے مطابق مرنے والوں میں سے آٹھ افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا، جن میں چار بچے، ان کے والدین اور دادا دادی شامل تھے۔
ہسپتال نے کہا کہ بدھ کو اس کے داخلی راستے کے قریب ایک اور حملے میں ایک خاتون اور اس کے دو بچے بھی ہلاک ہو گئے۔ عودہ ہسپتال کے عملے کے مطابق وسطی غزہ میں نصیرات کے پناہ گزین کیمپ پر کیے گئے ایک اوراسرائیلی حملے میں کم از کم سات افراد ہلاک ہوئے۔ مرنے والوں میں دو بچے، ان کے والدین اور تین رشتہ دار شامل تھے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے فوری طور پر ان ہلاکتوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔ فوج کا کہنا ہے کہ وہ شہریوں کو نقصان پہنچانے سے بچنے کی کوشش کرتی ہے اور حماس کے عسکریت پسندوں پر عام شہریوں کے درمیان چھپنے کا الزام لگاتی ہے، جس سے ان کی زندگیاں خطرے میں پڑ جاتی ہیں۔
اسرائیلی فوج نے بتایا کہ وسطی غزہ سے عسکریت پسندوں نے بدھ کے روز اسرائیل پر چار میزائل فائر کیے، جن میں سے دو کو تباہ کر دیا گیا۔ دیگر دو میزائل کھلے علاقوں میں گرے اور کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
اسرائیلی فوج نے وسطی غزہ میں واقع المغازی مہاجر کیمپ کے ایک بڑے حصے کو خالی کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ وہاں سے راکٹ فائر کیے گئے تھے۔ ان احکامات میں عندیہ دیا گیا تھا کہ اسرائیل جلد ہی اس علاقے میں فوجی کارروائی کرے گا۔
غزہ میں جاری جنگ اس وقت شروع ہوئی تھی، جب حماس کے عسکریت پسندوں نے سات اکتوبر 2023ء کو اسرائیل پر دہشت گردانہ حملہ کیا تھا، جس میں تقریباً 1200 افراد ہلاک ہوئے، جن میں سے زیادہ تر عام شہری تھے، اور تقریباً 250 افراد کو اغوا کر لیا گیا، جن میں بچے اور بوڑھے بھی شامل تھے۔
غزہ میں حماس کی وزارت صحت کے حکام کے مطابق، اسرائیل کی جوابی عسکری کارروائیوں میں اب تک 45 ہزار کے قریب فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں نصف سے زیادہ خواتین اور بچے تھے۔ اسرائیل کا کوئی ثبوت فراہم کیے بغیر کہنا ہے کہ اس کی فوجی کارروائیوں کے دوران 17 ہزار سے زیادہ عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔
امدادی اشیا کی شدید کمی
اسرائیل نے رواں برس اکتوبر کے اوائل سے شمالی غزہ میں یہ کہتے ہوئے فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع کی تھیں کہ حماس کے جنگجو اس علاقے میں دوبارہ منظم ہو رہے تھے۔ اس کے بعد سے اسرائیلی دستوں نے بیت لاہیہ، بیت حانون اور جبالیہ پناہ گزین کیمپ کا محاصرہ کر رکھا ہے۔ اس وجہ سے ان علاقوں میں انسانی بنیادوں پر کسی بھی قسم کی امداد کی ترسیل تقریباﹰ بند ہے۔
اسرائیلی حکام نے کہا ہے کہ مذکورہ تینوں علاقے ویران ہیں لیکن اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کے دفتر نے منگل کے روز کہا تھا کہ اس کا خیال ہے کہ تقریباً 65,000 سے 75,000 تک لوگ اب بھی وہاں موجود ہیں، جنہیں خوراک، پانی، بجلی یا صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات تک بہت کم رسائی حاصل ہے۔
ماہرین بارہا خبردار کر چکے ہیں کہ اگر موجودہ صورتحال برقرار رہتی ہے، تو شمالی غزہ میں قحط پڑ سکتا ہے۔ غزہ کے لیے اقوام متحدہ کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد اور تعمیر نو کی سینیئر کوآرڈینیٹر زیگرڈ کاگ نے منگل کے روز اقوام متحدہ میں صحافیوں کو بتایا کہ پوری غزہ پٹی میں زندہ رہنے کی کوشش کرنے والے شہریوں کو”مکمل طور پر تباہ کن صورتحال کا سامنا ہے۔‘‘
مذاکرات میں ڈیڈ لاک
امریکہ، مصر اور قطر تقریباً ایک سال سے اسرائیل اور حماس کے مابین مذاکرات میں ثالثی کر رہے ہیں اور سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ ان کوششوں نے حال ہی میں مزید زور پکڑا ہے۔ لیکن حماس کا کہنا ہے کہ وہ بقیہ اسرائیلی یرغمالیوں کو غزہ جنگ کے خاتمے اور اسرائیلی فوجوں کے مکمل انخلا تک رہا نہیں کرے گی۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے حماس کی مکمل تباہی اور تمام یرغمالیوں کی واپسی تک جنگ جاری رکھنے کا عہد کیا ہے اور کہا ہے کہ اسرائیل بعض علاقوں میں دیرپا فوجی موجودگی برقرار رکھے گا۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
کراچی میں آپریشن، کالعدم بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کے 5 دہشت گرد گرفتار
17/June/2026 👁️ 108 بار دیکھا گیا
ایران میں حکومتی تبدیلی کی کبھی پروا نہیں کی، امریکی صدر ٹرمپ
17/June/2026 👁️ 134 بار دیکھا گیا
چارسدہ میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، ٹی ٹی پی کے 3 مطلوب دہشت گرد ہلاک
17/June/2026 👁️ 174 بار دیکھا گیا
ماسکو میں روسی آئل ریفائنری کو یوکرینی ڈرون حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی
17/June/2026 👁️ 132 بار دیکھا گیا
پنجاب: اٹک میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک، خودکش جیکٹ برآمد
16/June/2026 👁️ 168 بار دیکھا گیا
اسرائیل نے لبنان پر حملے بند نہ کیے تو سخت جواب دیا جائے گا، ایران
16/June/2026 👁️ 176 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
جنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 8831 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 4565 بار دیکھا گیاپاکستانی طیاروں کا کابل، پکتیکا، خوست اور جلال آباد میں فضائی حملہ، متعدد ہلاکتیں
10/October/2025 👁️ 3275 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ کے انتہائی مطلوب کمانڈر تہران طوری کے حملے میں پولیس افسر ہلاک
15/August/2025 👁️ 2455 بار دیکھا گیاکیا آپ کو معلوم ہے خام تیل کے ایک بیرل سے کتنے لیٹر پٹرول اور ڈیزل بنتا ہے؟
01/February/2019 👁️ 2096 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ نے پولیس افسر قیصر حسین کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرلی
26/August/2025 👁️ 1900 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C