10/June/2026

مغربی کنارے میں اسرائیلی نیٹ ورکس پر مغربی ممالک کی پابندیاں

👁️ 35 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
مغربی کنارے میں اسرائیلی نیٹ ورکس پر مغربی ممالک کی پابندیاں

مغربی کنارے میں اسرائیلی نیٹ ورکس پر مغربی ممالک کی پابندیاں

برسلز (ڈیلی اردو/اے ایف پی) برطانیہ، کینیڈا، فرانس اور ناروے نے منگل کے روز ان اسرائیلی نیٹ ورکس کے خلاف نئی مشترکہ پابندیوں کا اعلان کیا، جو  مقبوضہ مغربی کنارے میں تشدد کی مالی معاونت، سہولت کاری اور اس میں  ملوث ہونے کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔

 

یہ اقدام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے مبینہ تشدد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ 

 

سفارتی ذرائع کے مطابق اس بڑھتی ہوئی کشیدگی کا مقصد ایک ممکنہ فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا ہو سکتا ہے۔

 

مذکورہ ممالک نے اس بات پر زور دیا ہے کہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے تشدد کا خاتمہ ناگزیر ہے، اور اس سلسلے میں ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی ضروری ہے۔

 

ہزاروں اسرائیلی شہری اس زمین پر آباد ہیں جس پر اسرائیل نے 1967 کی جنگ میں قبضہ کیا تھا ، اور جہاں لاکھوں فلسطینی بھی رہتے ہیں۔ تقریباً تمام ممالک اور اقوام متحدہ کے کئی ادارے ان اسرائیلی بستیوں کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہیں، تاہم  اسرائیل  اس مؤقف سے اختلاف کرتا ہے اور اس زمین سے اپنے تاریخی اور مذہبی تعلقات کا حوالہ دیتا ہے۔

 

چاروں مغربی ممالک کے وزرائے خارجہ  کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ان اقدامات کا مقصد ’’انتہا پسند اسرائیلی آبادکاروں کو  فلسطینی  شہریوں کے خلاف تشدد کے خوفناک واقعات پر جوابدہ بنانا ہے۔‘‘ 

 

بیان میں مزید کہا گیا، ’’ہم اسرائیلی حکومت پر زور دیتے ہیں کہ وہ مغربی کنارے میں ہونے والے تشدد کے حوالے سے مؤثر جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے۔‘‘

 

اسرائیل کی وزارت خارجہ نے ان اقدامات کو مسترد کر دیا اور کہا کہ پابندیاں  عائد کرنے والی حکومتیں اپنے ہاں اینٹی سیمیٹزم پر قابو پانے میں ناکام رہی ہیں اور ایسی پابندیوں کے ذریعے اسے مزید ہوا دے رہی ہیں۔

 

وزارت نے اپنے بیان میں کہا، ’’ان اقدامات کی اصل نوعیت دراصل یہ ہے کہ یہ سرزمینِ اسرائیل میں یہودیوں کے آباد ہونے کے حق اور اسرائیل-فلسطین تنازع کے حوالے سے ایک مخصوص سیاسی مؤقف مسلط کرنے کی کوشش ہے، جسے تشدد کے خلاف اقدامات کی شکل دے کر پیش کیا جا رہا ہے۔‘‘

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C