17/May/2020

شمالی وزیرستان میں ویڈیو لیک ہونے پر 2 لڑکیاں ‘غیرت’ کے نام پر قتل

👁️ 63 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
شمالی وزیرستان میں ویڈیو لیک ہونے پر 2 لڑکیاں ‘غیرت’ کے نام پر قتل

شمالی وزیرستان میں ویڈیو لیک ہونے پر 2 لڑکیاں ‘غیرت’ کے نام پر قتل

پشاور (ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں دو لڑکیاں کو غیرت کے نام پر قتل کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں لڑکیاں کو چند دن قبل سامنے آنے والی ایک ویڈیو کے تناظر میں ان کے قريبی رشتے داروں نے غیرت کے نام پر قتل کیا ہے۔

شمالی وزہرستان ميں تعینات پولیس تعينات کے سینئر تفتیشی افسر محمد نواز نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ لڑکیوں کا تعلق جنوبی وزیرستان سے ہے۔ علاقے ميں جاری دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی وجہ سے کچھ عرصہ قبل ان کا خاندان شمالی وزیرستان کے علاقے گڑیوم منتقل ہوا تھا۔

پولیس افسر محمد نواز کے مطابق جس ویڈیو کے باعث دونوں لڑکیوں کو قتل کیا گیا ہے وہ ايک سال پرانی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ویڈیو میں گڑیوم سے تعلق رکھنے والے مقامی نوجوان کو تین لڑکیوں کے ہمراہ دیکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال پرانی ویڈیو حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔

تقریباً 52 سیکنڈز پر مشتمل ویڈیو میں ایک نوجوان لڑکے کے دائیں بائیں تین سیاہ برقعوں میں لڑکیاں کھڑی نظر آ رہی ہیں۔ لڑکا باتوں باتوں میں دو لڑکیوں سے بوس و کنار شروع کر دیتا ہے جبکہ تیسری لڑکی بھاگ جاتی ہے۔

پوليس کے مطابق 52 سیکنڈز دورانیے کی ویڈیو میں نظر آنے والی ایک لڑکی کو ان کے خاندان والوں نے چھوڑ دیا ہے جب کہ باقی دو لڑکیوں کو 14 مئی کو ایک کمرے میں بند کرکے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق قتل ہونے والی ایک خاتون کی عمر 22 سال تھی جب کہ ان کی شادی گزشتہ برس ہی ہوئی تھی تاہم ان کی کوئی اولاد نہیں تھی۔ قتل ہونے والی دوسری لڑکی کی عمر 20 سال تھی جس کی منگنی ہو چکی تھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والی تیسری خاتون کی عمر 24 سال ہے جب کہ ان کی ایک بیٹی بھی ہے۔ مذکورہ خاتون حیات ہیں۔

حکام کا مزید کہنا ہے کہ قتل کا واقعہ شمالی اور جنوبی وزیرستان کے سنگم پر واقع گڑیوم کے علاقے میں پیش آیا۔

پولیس نے بتایا کہ انہوں نے واردات کے مقام سے خون کے نشانات اور گولیوں کے خول برآمد کر لیے ہیں جب کہ دو افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

گرفتار افراد کے حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان میں قتل ہونے والی ایک لڑکی کے والد جب کہ دوسری قتل ہونے والی لڑکی کے کزن شامل ہیں۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد سے مزيد تفتیش کی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والی تینوں لڑکیاں آپس میں کزن ہیں۔ جن میں سے دو شادی شدہ جب کہ ایک کی منگنی ہو چکی تھی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جس آدمی نے ویڈیو بنائی تھی وہ بھی گڑیوم گاؤں کا مکین ہے جب کہ دو بچوں کا باپ ہے۔

ویڈیو بنانے والے کے حوالے سے حکام نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں جب سے ویڈیو وائرل ہوئی ہے مذکورہ شخص لاپتا ہے۔ اس کے گھر پر تالہ لگا ہوا ہے جب کہ اس کے بیوی اور بچے اپنے خاندان کے پاس رزمک چلے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق ویڈیو بنانے والے شخص کی تلاش جاری ہے۔

شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے ايک شخص نے غیر ملکی خبر رساں ادارے وائس آف امریکا کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ قتل ہونے والی دونوں لڑکیوں کو رات کے وقت ان کے خاندان کے قریبی افراد نے قتل کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ لڑکیوں کو قتل کرنے کے بعد ان کی لاشیں قریبی قبرستان میں دفنا دی گئی تھیں۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ یہ واقعہ یہی ختم نہیں ہوگا بلکہ مستقبل میں مزید خون خرابے کا خدشہ برقرار ہے۔

پاکستان میں انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کی رپورٹ کے مطابق 2019 میں صوبہ سندھ میں 108، پنجاب میں 159 جب کہ خیبر پختونخوا میں 40 خواتین کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 55 اور خیبر پختونخوا میں 40 مرد بھی غیرت کے نام پر قتل کیے گئے تھے۔

ایچ آر سی پی کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ یہ اعداد و شمار معاشرے میں غیرت کے نام پر قتل کا ایک رخ ہے جب جب کہ صحیح اعداد و شمار اس سے کہیں زیادہ ہو سکتے ہیں۔ عمومی طور پر پولیس تھانوں میں مختلف وجوہات کی بنا پر بہت کم کیس رپورٹ ہوتے ہیں۔

شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے قومی اسمبلی کے رکن اور پشتون تحفظ مومنٹ کے رہنما محسن داوڑ نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ایک ٹوئٹ میں محسن داوڑ نے کہا کہ واقعے کی ايف آئی آر درج کی گئی ہے تاہم بروقت انصاف کی فراہمی ممکن بنائی جائے۔

خیال رہے کہ مذکورہ واقعہ 2012 میں کوہستان ویڈیو اسکینڈل کے 8 سال بعد پیش آٰیا ہے، جس میں 2 لڑکوں کے رقص کے دوران 3 خواتین کی تالیاں بجانے کی ویڈیو وائرل ہونے پر انہیں غیرت کے نام پر قتل کیا گیا تھا۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C