11/November/2026

کرک میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا بڑا حملہ ناکام، فائرنگ کا تبادلہ صبح تک جاری رہا

👁️ 50 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
کرک میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا بڑا حملہ ناکام، فائرنگ کا تبادلہ صبح تک جاری رہا

کرک میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا بڑا حملہ ناکام، فائرنگ کا تبادلہ صبح تک جاری رہا

کرک (ڈیلی اردو) پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں پولیس نے لمبر کے علاقے میں واقع چنغوز پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا بھاری ہتھیاروں سے کیا گیا حملہ ناکام بنا دیا۔ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے فائرنگ کے تبادلے کے بعد حملہ آور فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔

ضلعی پولیس افسر فضل وحید کے مطابق دہشتگردوں نے رات کی تاریکی میں چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا اور بھاری ہتھیاروں سے شدید فائرنگ کی۔ پولیس اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کا مقابلہ کیا اور انہیں چوکی پر قبضہ کرنے یا اسے نقصان پہنچانے کے اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا۔ فائرنگ کا تبادلہ رات گئے شروع ہوا اور صبح تک جاری رہا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حملے کے دوران بھاری ہتھیاروں کے استعمال سے چیک پوسٹ کی عمارت کو جزوی نقصان پہنچا۔ دہشتگردوں نے مبینہ طور پر مرکزی دروازہ دھماکے سے اڑا دیا، جس کے نتیجے میں حفاظتی دیوار کا ایک حصہ بھی منہدم ہوگیا۔ تاہم پولیس کی مزاحمت کے باعث حملہ آور اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہوسکے۔

حملہ آوروں کی جانب سے چیک پوسٹ کے قریب بارودی مواد نصب کیے جانے کی اطلاع پر بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکار موقع پر پہنچے اور دھماکا خیز مواد کو ناکارہ بنا دیا، جس سے ممکنہ بڑے نقصان کا خطرہ ٹل گیا۔

پولیس کے مطابق واقعے میں کسی اہلکار یا شہری کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ حملہ آوروں کی تلاش اور گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
 

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C