کشمیر: عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ، دو بھارتی فوجی لاپتہ
👁️ 25 بار دیکھا گیا
کشمیر: عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ، دو بھارتی فوجی لاپتہ
سری نگر (ڈیلی اردو/) حالیہ برسوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ بھارتی فوج کو ایک ہی مسلح تصادم میں اتنے زیادہ جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی دنوں سے بھارتی فوج عسکریت پسندوں کے تعاقب میں ہے تاہم اسے ابھی تک کوئی کامیابی نہیں ملی۔
بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں دو ملکی فوجیوں کی گمشدگی اور چند ہلاکتوں کے بعد سکیورٹی فورسز نے جموں کے علاقے پونچھ میں 16 اکتوبر ہفتے کی صبح ایک بڑے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا۔ پونچھ کے مینڈھر سیکٹر میں عسکریت پسندوں اور بھارتی فوج کے درمیان تصادم کا آغاز گزشتہ پیر کو ہوا تھا۔
بھارتی فوج نے اس آپریشن میں اب تک اپنے دو سینیئر اہلکاروں سمیت سات فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے تاہم ابھی تک کسی بھی عسکریت پسند کے ہلاک ہونے کی کوئی اطلاع نہیں اور نہ ہی کسی کو گرفتار کیا جا سکا ہے۔
معاملہ ہے کیا؟
بھارتی فوج نے جمعرات کی شام اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایک کمیشنڈ افسر سمیت دو فوجی اس آپریشن میں ہلاک ہو گئے، جس کی ابتدا پیر کے روز ہوئی تھی۔ تاہم فوج ابھی تک ہلاک شدگان کی لاشوں تک نہیں پہنچ سکی اور اس کے مطابق عسکریت پسندوں کی فائرنگ کے سبب یہ کام کافی مشکل ہو گيا ہے۔
جموں ڈویژن کے پونچھ اور راجوڑی کے درمیان سرحدی علاقوں کے گھنے جنگلوں میں اس تصادم کی ابتدا 11 اکتوبر پیر کے روز ہوئی تھی اور اس وقت فوج نے اپنے ایک سینیئر افسر سمیت پانچ فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔ اس طرح اس تصادم میں اب تک سات فوجی ہلاک ہو چکے ہیں اور چھ دن بعد بھی آپریشن ابھی جاری ہے۔
بھارتی فوج نے کہا کہ گم شدہ فوجیوں کی تلاش کے لیے ہفتے کی صبح بڑے پیمانے پر جو آپریشن شروع کیا گيا، اس میں سکیورٹی دستوں کی بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ ہیلی کاپٹر بھی حصہ لے رہے ہیں۔ اس علاقے میں زبردست فائرنگ اور وقفے وقفے سے دھماکوں کی آوازیں بھی سنی جا رہی ہیں۔ فوج نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور مدد کے لیے اضافی فورسز بھی طلب کر لی گئی ہیں۔
بھارتی فوج نے ایک بیان میں کہا، ’’ضلع پونچھ کے مینڈھر سب ڈویژن کے نار خاص جنگل میں جاری انسداد دہشت گردی کی کارروائی میں 14 اکتوبر کی شام سرکاری دستوں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر اور ایک فوجی شدید طور پر زخمی ہوئے اور آپریشن ابھی جاری ہے۔‘‘
بھارتی میڈیا کے مطابق علاقے کے ایک سینئر فوجی افسر نے گزشتہ رات اس بات کی تصدیق کی تھی کہ جمعرات کو ایک سینئر اہلکار لا پتہ ہو گیا اور اس کی تلاش کے لیے بڑے آپریشن کی ضرورت ہے۔ ’’ہم زخمی جے سی او کو اب تک بازیاب نہیں کرا سکے۔‘‘
بھارتی سکیورٹی فورسز کے مطابق عسکریت پسند گھنے جنگلوں میں ہیں اور ان کا تعاقب اتنا آسان نہیں ہے، اسی لیے چھ روز بعد بھی آپریشن جاری ہے۔ ابھی تک کسی عسکریت پسند کی ہلاکت یا گرفتاری کی بھی کوئی اطلاع نہیں۔ مبصرین کے مطابق حالیہ برسوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ بھارتی فوج کو ایک ہی مسلح تصادم میں اتنے زیادہ جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
وادی کشمیر میں بھی جھڑپیں
اس دوران جنوبی کشمیر کے علاقے پامپور میں بھی ایک تصادم جاری ہے، جس میں بھارتی فوج نے اب تک دو عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ گزشتہ رات سری نگر کے بیمنا علاقے میں ہونے والے تصادم میں فوج نے ایک عسکریت پسند کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ کشمیر میں گزشتہ چند روز سے اس طرح کی جھڑپیں مسلسل جاری ہیں۔
گزشتہ ہفتے وادی کشمیر میں اقلیتی آبادی سے تعلق رکھنے والے تین ہندوؤں سمیت متعدد افراد کو ہدف بنا کر قتل کر دیا گيا تھا۔ پولیس نے اس حوالے سے پوچھ گچھ کے لیے سینکڑوں کشمیریوں کو گرفتار کر لیا تھا۔
گزشتہ ہفتے کی ہلاکتوں کے بعد وادی کشمیر میں اقلیتوں میں پریشانی اور خوف کا ماحول ہے اور ایک بار پھر کشمیری پنڈت اور سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے کئی سرکاری ملازم اور اساتذہ واپس جموں لوٹ رہے ہیں جبکہ ایسے بہت سے افراد چاہتے ہیں کہ ان کا کسی اور جگہ تبادلہ کر دیا جائے۔
نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے جموں کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا تھا کہ اس طرح کشمیر میں علیحدگی پسندی کی تحریک پر قابو پا یا جا سکے گا اور حالات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ کئی ماہرین کا تاہم کہنا ہے کہ اس اقدام سے کشمیری بھارت سے مزید دور ہو گئے ہیں۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
شام میں امریکی فضائی حملہ، داعش کا سینئر رہنما ہلاک
25/June/2026 👁️ 66 بار دیکھا گیا
جرمنی میں مسلمانوں کے خلاف نفرت اور اسلاموفوبیا میں تشویشناک اضافہ
25/June/2026 👁️ 75 بار دیکھا گیا
بنوں: سرکاری سکول کے استاد اور ایف سی اہلکار اغوا، پولیس اسٹیشن پر ڈرون حملہ
25/June/2026 👁️ 113 بار دیکھا گیا
امریکی سینیٹ میں ایران کے خلاف کارروائی روکنے کی قرارداد منظور
25/June/2026 👁️ 155 بار دیکھا گیا
لوئر دیر میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 6 مطلوب دہشت گرد ہلاک
25/June/2026 👁️ 122 بار دیکھا گیا
ایرانی جوہری تنصیبات کے معائنے پر فریقین کے متضاد بیانات
25/June/2026 👁️ 212 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
جنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 8855 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 4623 بار دیکھا گیاپاکستانی طیاروں کا کابل، پکتیکا، خوست اور جلال آباد میں فضائی حملہ، متعدد ہلاکتیں
10/October/2025 👁️ 3308 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ کے انتہائی مطلوب کمانڈر تہران طوری کے حملے میں پولیس افسر ہلاک
15/August/2025 👁️ 2477 بار دیکھا گیاکیا آپ کو معلوم ہے خام تیل کے ایک بیرل سے کتنے لیٹر پٹرول اور ڈیزل بنتا ہے؟
01/February/2019 👁️ 2132 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ نے پولیس افسر قیصر حسین کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرلی
26/August/2025 👁️ 1924 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C