03/April/2020

اسلام آباد: وزیراعظم ہاؤس کے سامنے اقدام خود سوزی کرنیوالا شخص دم توڑ گیا

👁️ 55 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
اسلام آباد: وزیراعظم ہاؤس کے سامنے اقدام خود سوزی کرنیوالا شخص دم توڑ گیا

اسلام آباد: وزیراعظم ہاؤس کے سامنے اقدام خود سوزی کرنیوالا شخص دم توڑ گیا

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وفاقی دارالحکومت میں وزیراعظم ہاؤس کے سامنے خود سوزی کرنے والا شہری پمز ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا۔

پولیس کے مطابق فیصل عزیز نامی شخص نے نماز جمعہ سے کچھ دیر قبل وزیراعظم سیکریٹریٹ کے سامنے خود کو آگ لگالی جس سے وہ بری طرح جھلس گیا، موقع پر موجود پولیس اہلکاروں اور راہگیروں نے آگ بجھائی اور شدید زخمی حالت میں پمز کے برن یونٹ منتقل کیا جہاں کچھ دیر زیر علاج رہنے کے بعد فیصل دم توڑ گیا۔

ذرائع کے مطابق شہری کے پاس سے وزیراعظم ہاؤس کو لکھا گیا خط بھی ملا جس میں تحریر تھا کہ میرا اتنا قصور ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ووٹ دیا اور لوگوں سے بھی مانگا۔

خط کے متن میں خود سوزی کرنے والے شہری نے حکومتی پارٹی کے ایک اہم عہدیدار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا اور کہا کہ حکمراں جماعت کےعہدیدار کے خلاف وزیراعظم سیکرٹریٹ درخواست بھی دی تھی۔

اس نے خط میں مزید بتایا تھا کہ میری درخواست سی پی او راولپنڈی کو مارک بھی کی گئی تھی، میں پیر ودھائی تھانہ گیا لیکن کارروائی نہیں کی گئی۔

خط کے متن شہری نے مزید تحریر کیا کہ میرے اوپر 20 لیٹر شراب کا جھوٹا پرچہ بھی کرایا گیا۔

دوسری جانب راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ خود سوزی کرنے والے پیر ودھائی کے رہائشی فیصل کے خلاف مری میں مقدمہ درج تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فیصل عباسی مری کا رہائشی تھا، اس کے خلاف 9 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کا مقدمہ گزشتہ برس 19 ستمبر کو درج ہوا تھا، جبکہ شراب کا کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا تھا۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد محمد حمزہ شفقات کا کہنا ہے کہ متوفی فیصل نشئی تھا اور اس پر بچی سے زیادتی کا بھی 7 سال پرانا کیس تھا، اس کے بھائی کے ساتھ بھی ان کی بات ہوئی ہے جس نے کہا ہے کہ فیصل آوارہ پھرتا رہتا تھا تاہم واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کے احکامات جاری کردیے گئے  ہیں۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C