افغانستان: گورنر لوگر کے قافلے پر خودکش حملہ، 10اہلکار جاں بحق، گورنر، این ڈی ایس چیف محفوظ رہے

افغانستان کے صوبے لوگر کے گورنر کے قافلے پر خودکش حملے کے نتیجے میں 10 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے تاہم حملے میں گورنر اور این ڈی ایس چیف محفوظ رہے۔

کابل( ڈیلی اردو / نیوز ایجنسی) غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے لوگر کے گورنر کے قافلے پر آج صبح خودکش حملہ ہوا جس کے نتیجے میں گورنر کے 10 سیکیورٹی گارڈز جاں بحق ہوگئے جبکہ 9 سے زائد اہلکار زخمی ہیں۔

کابل پولیس کے ترجمان کے مطابق دھماکا ضلع محمد آغا کے علاقے شفیق سنگ میں ہوا، جس کی ذمہ داری افغان طالبان افغانستان نے قبول کرلی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حملے میں صوبے کے گورنر سمیت صوبائی این ڈی ایف چیف محفوظ رہے تاہم گورنر کے سات گارڈز کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔

یاد رہے کہ ایک ماہ قبل افغانستان کے دارالحکومت کابل کے مشرقی علاقے میں واقع جی فور ایس نامی برطانوی سیکیورٹی کمپنی کے کمپاؤنڈ کے باہر خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا، جس کے بعد حملہ آوروں کی سیکیورٹی فورسز سے جھڑپ بھی ہوئی تھی۔

افغان حکام کے مطابق خودکش حملے میں 10 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں