بلوچستان: چمن میں دھماکا، قبائلی رہنما 2 محافظوں سمیت شہید

چمن (نیوز ڈیسک) لاہور کے بعد بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے شہر چمن میں دھماکا، دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد شہید ہوگئے

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے شہر چمن میں میں قبائلی رہنما ولی خان اچکزئی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 2 محافظوں سمیت شہید ہوگئے۔

لیویز حکام کے مطابق دھماکا چمن کے علاقے سپینہ غنڈی میں قبائلی رہنما ولی خان اچکزئی کی گاڑی کے قریب ہوا۔

حکام نے کہا کہ ولی خان اچکزئی اپنے دفتر سے گھر جاتے ہوئے نشانہ بنے جبکہ دھماکے میں قبائلی رہنما کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ لاشیں گلستان ہسپتال منتقل کردی گئیں جبکہ دھماکے کی نوعیت معلوم کی جارہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ واقعہ دہشت گردی کا ہے یا قبائلی دشمنی جائزہ لے رہے ہیں۔

لیویز حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی، جس کے باعث متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

لیویز حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو، پولیس اور لیویز کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں اور فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دھماکے کے بعد مشتعل قبائلیوں نے کوئٹہ چمن شاہراہ بند کردی، کوئٹہ چمن شاہراہ کی بندش سے سیکڑوں مال بردار ٹرک، مسافر گاڑیاں پھنس گئیں۔

واضح رہے کہ آج صبح لاہور میں داتا دربار کے قریب ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب خودکش دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید اور 25 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں