بھارت کا 70 واں یوم جمہوریہ: کشمیری آج دنیا بھر میں یوم سیاہ منائیں گے

سری نگر (ڈیلی اردو ) دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج بھارت کا 70 واں یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے، کشمیری آج یوم سیاہ پر مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال کریں گے، بھارتی مظالم کے خلاف ریلیاں نکالی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کے 70ویں یوم جمہوریہ کو دنیا بھر میں آباد کشمیری آج یوم سیاہ کے طور پر منارہے ہیں، حریت رہنماؤں کی اپیل پر مقبوضہ کشمیرمیں آج مکمل ہڑتال ہوگی۔

بھارتی فوج کا مقبوضہ جموں وکشمیر میں بدترین ظلم وستم جاری ہے، جمہوریت کے دعویدار بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبرکا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں رہنے والے کشمیری عوام بھارت کے غاصبانہ قبضے اور بدترین ظلم کے خلاف یوم سیاہ منا رہے ہیں۔

اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں گھر گھر سیاہ پرچم لہرا دیے گئے، میر واعظ عمر فاروق، سید علی گیلانی اور یاسین ملک کی اپیل پر مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہے، کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے اور ٹرانسپورٹ معطل ہے۔

بھارتی حکومت نے کشمیریوں کے احتجاج کو دبانے کے لئے غیراعلانیہ کرفیو نافذ کردیا ہے اور انٹرنیٹ اورموبائل سروس بند کردی گئی، بھارتی کی کٹھ پتلی انتظامیہ کے تمام حربوں کے باوجود کشمیریوں نے احتجاجی ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی عوام آج 70 واں یومِ جمہوریہ منارہے ہیں تاہم کشمیر جسے بھارتی اپنا اٹوٹ انگ قرار دیتا ہے وہاں کے عوام آج بھی اپنے حقِ خود ارادیت سے محروم ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں