محسن داوڑ سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ نہیں کرسکتے: بلاول بھٹو زرداری

لاڑکانہ (نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میں نہیں سمجھتا کہ محسن داوڑ سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کرسکتے ہیں۔

لاڑکانہ میں پریس کانفرنس کے دوران شمالی وزیرستان میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر پی ٹی ایم کارکنوں کے حملے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں اس وقت لاڑکانہ میں ہوں لیکن میں نہیں سمجھتا کہ محسن داوڑ سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کہیں پر تشدد کا واقعہ ہوا ہے تو ہم اس کی مذمت کرتے ہیں لیکن احتجاج کرنا سیاسی لوگوں کا حق ہے، ان پر بھی تشدد نہیں ہونا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ‘میں نہیں سمجھتا کہ کوئی رکن اسمبلی سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کرسکتا ہے، ہم کسی کے نقطہ نظر سے اختلاف کرسکتے ہیں، اگر شمالی وزیرستان جیسے علاقے سے تعلق رکھنے والے نوجوان سیاستدانوں سے مکالمہ نہیں کریں گے، ان کی ناراضگیوں کو کم کرنے کی کوشش نہیں کریں گے تو سب نے دیکھا کہ ایوب خان کے دور میں مشرقی پاکستان کے ساتھ کیا ہوا۔ پرویز مشرف کے دور میں بلوچستان میں کیا ہوا۔

اگر ہم اپنے حق، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کی بات کرنے والے سیاستدانوں کو غدار قرار دیں گے تو یہ راستہ خطرناک ہوگا’۔

اپنا تبصرہ بھیجیں