ملتان (ڈیلی اردو ) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان افغانستان اور امریکا کو ایک میز پر لے آیا، پاکستان نے افغان امن مذاکرات میں مدد کا وعدہ کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق ملتان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ دوحہ مثالی تھا، قطرمیں وزیراعظم عمران خان کا فقیدالمثال استقبال ہوا۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کے مسائل کا حل چاہتے ہیں، ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ آگے بڑھنا ہے، پاکستان نے افغان امن مذاکرات میں مدد کا وعدہ کیا تھا، پاکستان افغانستان اورامریکا کو ایک میز پر لے آیا، پاکستان افغان امن مذاکرات کرانے میں کامیاب ہو گیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نیک نیتی سے کوشش کر رہا ہے، امن کا عمل جاری رہے، افغانستان کا امن پاکستان کے لیے نہایت اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے افغانستان میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی، افغان قوم کو جلد اسپتال کا تحفہ دیں گے، اپنے مستقبل کا فیصلہ افغان قوم نے ہی کرنا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان سے سرحدیں جڑی ہیں، دل جوڑ رہے ہیں، قوموں کا وقار ہوتا ہے، دورے پیسوں کے لیے نہیں ہوتے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی سینیٹر کہہ رہے ہیں کہ پاکستان سے تعلق ہوں سودا نہ ہو، دیرپا امن کے لیے مذاکرات ایک واحد راستہ ہے، پاکستان کا موقف دنیا نے تسلیم کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا میں پاکستان کا موقف تسلیم کیا گیا، آگےخوشخبریاں ملیں گی، ہم ایک قوم ہیں بھکاری نہیں، تعلقات پیسے میں نہیں تولنے چاہییں، ہمیں اس وقت پیسے نہیں خطے کا امن درکار ہے۔