حکومت لاپتہ افراد کے معاملے پر کام کر رہی ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال

کراچی (ڈیلی اردو) وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت لاپتہ افراد کے معاملے پر کام کر رہی ہے، سعودی عرب بہت جلد گوادر میں آئل ریفائنری لگائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مزار قائد پر حاضری کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملک کی سلامتی کی دعا کی۔

میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں صحت کے شعبہ پر توجہ نہیں دی گئی، صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ اسپتالوں کی حالت بہتر بنائیں گے ۔
ہمیں سسٹم بہتر کرنا ہے، صحت کی بہترسہولتوں کے لیے بلو چستان میں ٹراما سینٹر قائم کرنے جارہے ہیں جس کی تعداد 16 سے بڑھا کر 18 کردی گئی ہے، بلوچستان میں ریسکیو 1122سروس بھی جلد شروع کی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں لاپتہ افراد کا معاملہ بہت عرصےسےچل رہا ہے، صوبائی حکومت لاپتہ افراد کے معاملے پر کام کر رہی ہے، لاپتہ افراد کے ورثا کے مسائل حل کرنے کی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب بہت جلد گوادر میں آئل ریفائنری لگائے گا، سی پیک کی صورت میں ترقی کا بہت بڑا موقع ہے، ترقی کیلئے قائد کے ویژن پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں