لاہور ائرپورٹ کے لاؤنج میں فائرنگ، 2 افراد جاں بحق

لاہور (اے ڈی شہزاد) پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے، پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ایئر پورٹ کے لاؤنج میں پیش آیا ہے۔

فائرنگ کے نتیجے میں فوری طور پر ایک شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ ایک شدید زخمی ہوا، تاہم کچھ دیر بعد زخمی نے بھی دم توڑ دیا۔

مقتولین کے نام زین اور نفیس معلوم ہوئے ہیں، اے ایس ایف نے فائرنگ کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ قبضے میں لے لیا۔ اے ایس ایف ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے 2 ملزمان کو حراست میں لیا جاچکا ہے جس کی شناخت ارشد اور شان کے نام سے ہوئی۔

پولیس کی جانب سے اس واقعے کو پرانی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا جا رہا ہے۔

لاہور ایئر پورٹ پر لاؤنج میں فائرنگ کے واقعے کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے ایئر پورٹ پر گاڑیوں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے، پولیس کی بھاری نفری ایئر پورٹ پر موجود ہے۔

ایس پی کینٹ پولیس صفدر رضا کاظمی کے مطابق دونوں مقتولین عمرہ کر کے وطن واپس پہنچے ہی تھے کہ نشانہ بن گئے۔

ملزمان ٹیکسی میں سوار ہو کر ایئر پورٹ آئے تھے جنہوں نے گھات لگا کر دہرے قتل کی یہ واردات انجام دی۔ ایس پی کا مزید کہنا ہے کہ مقتولین پر بابر بٹ نامی شخص کو قتل کرنے کا الزام تھا۔

واضح رہے کہ ڈیڑھ سال میں لاہور ایئرپورٹ پر فائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ پیش آیا ہے۔

ادھر وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور ایئر پورٹ پر پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی اور انہیں واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں