چینی قونصل خانے پر حملے کا مرکزی ملزم راشد بروہی بیرون ملک سے گرفتار، پاکستان منتقل

کراچی (ڈیلی اردو) چینی قونصل خان پر حملے کے مرکزی ملزم راشد بروہی کو خلیجی ریاست سے گرفتار کرنے کے بعد پاکستان منتقل کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملزم راشد بروہی کو خلیجی ریاست سے گرفتار کیا گیا اور اسے انٹرپول کے ذریعے پاکستان منتقل کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ارشد بروہی کو حملے سے پہلے 9 لاکھ روپے فراہم کیے گئے جو کہ حملے کے دوران نگرانی کرتا رہا جبکہ اس نے حملہ آوروں کو تمام سہولیات بھی فراہم کیں۔ ارشد بروہی حملے کے بعد بیرون ملک فرار ہو گیا تھا جبکہ اس کا تعلق کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے بتایا جا رہا ہے۔

ارشد بروہی کو پاکستان منتقل کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر لے جایا گیا ہے جہاں اس سے تفتیش کا عمل جاری ہے اور اہم معلومات بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں کلفٹن میں پولیس اور سیکیورٹی اہل کاروں نے چینی قونصل خانے پر حملے کا منصو بہ ناکام بناتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا جب کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 اہل کار اور 2 شہری بھی شہید ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں