شمالی وزیرستان میں دو دھماکے، پاک فوج کا ایک جوان شہید، کرنل سمیت 5 زخمی

میران شاہ (ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکوں میں ایک سپاہی شہید اور کرنل سمیت پانچ زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل خڑ قمر کے علاقے میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکا ہوا ہے۔ دھماکے سے ایک سپاہی شہید اور تین زخمی ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سپاہی جاوید موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ سپاہی ولی ،سپاہی رستم اور سپاہی بلال شدید زخمی ہوئے ہیں۔ شہید اور زخمیوں کو میرانشاہ آرمی کیمپ اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اہلکار پیدل جارہے تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

سیکیورٹی فورسز پر دوسرا بم حملہ

ذرائع نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کے اہلکار واقعے کی تفتیش کیلئے گاوں حسوخیل سے آرہے تھے کہ راستے میں نامعلوم افراد نے گلشن اڈہ کے قریب ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کیا۔

بم حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے ایک افیسر سمیت دو اہلکار زخمی ہو گئے، ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں لیفٹننٹ کرنل بلال اور نائک فیصل شامل ہیں۔

دوہرے واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں