وزیراعظم عمران خان کا طورخم بارڈر 24 گھنٹے فعال بنانے کیلئے اقدامات کا حکم

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیراعظم عمران خان نے افغانستان سے تجارتی سرگرمیاں بڑھانے کا فیصلہ کرلیا، طورخم بارڈر 24 گھنٹے کھلا رکھنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے افغانستان سے تجارتی سرگرمیاں بڑھانے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو آئندہ 6 ماہ میں طورخم بارڈر 24 گھنٹے کیلئے کھلا رکھنے کے انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ آئندہ چھے ماہ کے دوران دن رات کام کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ خصوصی اقدامات سے دو برادر ملکوں میں تجارت اور عوامی سطح پر رابطے بڑھیں گے۔

پاکستان اور افغانستان کے مابین تجارت سمیت دیگر  آمدورفت طورخم بارڈر سے ہوتی ہے تاہم اکثر کشیدگی کے باعث یہ سرحد بند رہتی ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی افغان صدر کے نمائندہ خصوصی عمر داؤد زئی سے ملاقات ہوئی تھی، ملاقات میں افغان مفاہمتی عمل سمیت اہم علاقائی اور عالمی امورپر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

افغان صدر کے نمائندہ خصوصی عمر داؤدزئی نے کہا تھا کہ افغانستان کے دیرینہ مسئلے کو بات چیت سے حل کرنے کا وقت آگیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ نے افغان نمائندے کو افغان امن کے لیے پاکستان کے کردار سے آگاہ کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں