نوشہرہ: پولیس کے ساتھ جھڑپ میں 2 مطلوب دہشت گرد ہلاک

نوشہرہ (ڈیلی اردو) صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں پولیس آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق نوشہرہ نظام پور کی پہاڑیوں میں انٹیلی جنس بیس آپریشن کے دوران پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 مطلوب دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت مطہر اور امجد کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے ذرائع مطابق آج صبح سے ہی گل متی گروپ کے ساتھ نظام پور کے علاقے قمر میلہ میں مقابلہ تقریبا 4 گھنٹے تک جاری رہا جس میں دو ملزمان ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان کو ڈی ایچ کیو نوشہرہ منتقل کردیا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق نظام پور کی پہاڑیوں میں پولیس اور دہشت گردوں کے مابین مقابلہ چار گھنٹے تک جاری رہا، ذرائع نے مزید بتایا کہ دشوار گزار پہاڑیوں کی وجہ سے مقابلے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا جبکہ پولیس ایلیٹ سنٹر سے کمانڈوز اور پولیس کی باری نفری نے آپریشن میں حصہ لیا۔

ڈی پی او منصور کے مطابق ہلاک دہشت گرد صوبے بھر میں اور دیگر اضلاع کی پولیس کو متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے، ملزمان پر دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمات بھی درج تھے۔

انہوں نے بتایا کہ 25 جون کو گل متی گروپ نے پولیس پارٹی پر حملہ کیا تھا، دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 اہلکار شہید اور 6 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ دہشت گرد پولیس کو دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں مطلوب تھے۔

یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید اور 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں