کراچی: پولیس نے دہشت گرد جوڑا گرفتار کرلیا، ہینڈ گرنیڈ اور اسلحہ برآمد

کراچی (ڈیلی اردو) صوبہ سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی کے علاقے درخشاں میں پولیس نے کارروائی کے دوران ایک عورت سمیت دو مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس سے پولیس نے دہشت گرد جوڑے کو گرفتار کرنے اور ان کی لگژری گاڑی سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور ہینڈ گرنیڈ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

کراچی پولیس کے مطابق گزشتہ روز ڈیفنس فیز 6 مصری شاہ کے قریب چیکنگ کے دوران سفید رنگ کی لینڈ کروزر میں سوار خود کو حساس ادارے کا اعلیٰ افسر ظاہرکرنے والے شخص کو خاتون سمیت گرفتارکرکے تھانے منتقل کردیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) جنوبی شیراز نذیر کے مطابق مصری شاہ کی درگاہ کے قریب پولیس پارٹی نے سیفد رنگ کی لینڈ کروزر گاڑی کو روکا تو ابتدائی طور پر مشتبہ مرد اور خاتون نے خود کو خفیہ اداروں کا اہلکار ظاہر کیا۔

تاہم وہ پولیس اہلکاروں کے سوالات کے جوابات نہیں دے پائے اور اہلکاروں نے ان کی گاڑی کی تلاشی لی تو اس میں سے ایک عدد ہینڈ گرنیڈ، ایک عدد ایم پی فائیو رائفل، ویزا اٹیمپ لگے مختلف پاسپورٹ اور موبائل فون برآمد ہوئے۔

گاڑی سے ہتھیار اور دستی بم برآمد ہونے پر پولیس نے فرحان اور خاتون صابرہ بانو عرف سُمیرا کو گرفتار کر لیا جبکہ ان کی گاڑی بھی قبصے میں لے لی گئی۔

پولیس نے دونوں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔

ایس ایس پی جنوبی کا کہنا تھا کہ پولیس نے محکمہ انسداد دہشت گردی سے بھی رابطہ کیا ہے تاکہ اس بات کی وضاحت ہوسکے کہ آیا ان کا کسی دہشت گرد گروپ سے کوئی تعلق ہے یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں مشتبہ ملزمان کا ایک دوسرے سے کوئی تعلق نہیں ہے، خاتون بھی پاکستانی ہیں لیکن وہ دبئی میں قیام کرتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں