نقیب اللہ قتل کیس میں مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینےکی کارروائی کا حکم

‎کراچی (ڈیلی اردو) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس میں مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا حکم دے دیا۔

بدھ کو کراچی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے موقع پر سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار، ڈی ایس پی قمر سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے ۔

اے آئی جی ویلفئر ڈاکٹر رضوان نے مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی درخواست دائر کی جس پر عدالت نے مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے ملزمان کو اشتہاری قرار دینے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 9 فروری تک ملتوی کردی۔

تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئیں، ایف آئی اے، آئی بی اور متعلقہ حکام کو مفرور ملزمان سے متعلق خطوط لکھ دیئے ہیں۔

مفرور ملزمان کی زیر استعمال سمز کے ذریعے تلاش کی کوششیں جاری ہیں، مفرور ملزمان کی رہائیش گاہوں پر چھاپے مارے گئے۔

عدالت نے ایف آئی اے، آئی بی اور دیگر سے کیس کے مفرور ملزمان سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

مفرور ملزمان میں امان اللہ مروت، شیخ محمد شعیب عرف شوٹر، گدا حسین، محسن عباس، صداقت حسین شاہ، رانا شمیم اور ریاض شامل ہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں