مغوی نیوروسرجن ڈاکٹر ابراہیم خلیل پانچ کروڑ تاوان دے کر رہا

کوئٹہ (ڈیلی اردو) کوئٹہ میں اغواء ہونے کے 48 دن بعد رہا ہو کر اپنے گھر واپس پہنچنے والے نیوروسرجن ڈاکٹر ابراہیم خلیل کا کہنا ہے کہ وہ 5 کروڑ روپے تاوان دینے کے بعد رہا ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے شہباز ٹاؤن سے گزشتہ ماہ 18 دسمبر 2018ء کو اغواء ہونے والے معروف نیورو سرجن ڈاکٹر ابراہیم خلیل 48 روز بعد گھر واپس پہنچ گئے۔

چیئرمین ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی ڈاکٹر ظاہر مندوخیل نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈاکٹر ابراہیم خلیل کا کہنا ہے کہ ان کی بازیابی کے لیے جس نے بھی کردار ادا کیا ہے میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

چیئرمین ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ابراہیم خلیل نے بتایا ہے کہ وہ تاوان دے کر رہا ہوئے ہیں، ڈاکٹر ابراہیم خلیل کے بقول وہ 5 کروڑ روپے کے لگ بھگ تاوان دے کر واپس آئے ہیں۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں ڈاکٹروں کو اغوا کرنے کے واقعات پہلے بھی سامنے آئے ہیں۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کے مطابق گزشتہ ایک دہائی میں 33 ڈاکٹرز اغوا ہوئے، 18 افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا جبکہ 90 سے زائد صوبہ چھوڑنے پر مجبور ہوگئے۔

پی ایم اے دعویٰ کرتی ہے کہ تمام مغوی شدہ ڈاکٹر تاوان کی ادائیگی کے بعد اپنے گھروں کو واپس آگئے

اپنا تبصرہ بھیجیں