آرمی چیف سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی ملاقات، افغان امن عمل پر تبادلہ خیال

راولپنڈی (ڈیلی اردو) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی جس میں افغانستان میں امن عمل کی کامیابی کی کوششوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں افغان امن عمل کے حوالے سے باہمی متفقہ مقاصد کے حصول پر اتفاق کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق زلمے خلیل زاد نے افغان امن عمل کیلئے پاکستان کے مخلصانہ تعاون کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ دیگر ممالک بھی افغان امن عمل کے معاملے پر پاکستان کی تقلید کریں گے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کے حصول کیلئے کی جانے والی کوششوں کو تیز کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز زلمے خلیل زاد نے وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقاتیں کی تھیں اور اب وہ قطر روانہ ہوجائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے دورہ امریکا کے دوران کہا تھا کہ افغان امن عمل کے حوالے سے امریکی حکام سے بات ہو چکی ہے، اب طالبان سے ملاقات کروں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں