کشمیر کی صورتحال: وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج پھر طلب کرلیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج پھر طلب کر لیا۔

ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت  ختم کرنے کی کوشش پر پیدا ہونے والی صورتِ حال پر غور ہوگا، اجلاس میں اعلیٰ سول و عسکری قیادت شرکت کرے گی۔

واضح رہے کہ وزیرِاعظم عمران خان کی جانب سے مقبوضہ کشمیرکی حالیہ صورت حال پر 7 رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔

کمیٹی پاکستان کی جانب سے مجوزہ ردعمل ، سیاسی، سفارتی اور قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔

خیال رہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس اتوار کو بھی ہوا تھا جس میں ملکی اعلیٰ سول و عسکری قیادت نے شرکت کی تھی۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ بھارتی اقدامات سے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال انتہائی خراب ہورہی ہے اور بھارتی عزائم داخلی و خارجی سطح پر عیاں ہوچکے ہیں، بھارت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے پریشانی میں پُر خطر آپشنز اختیار کر سکتا ہے۔

یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کو پاکستان نے مسترد کردیا ہے، اس صورتحال میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بھی جاری ہے۔

دوسری جانب اس معاملے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس بھی ہوئی جس میں شرکاء نے بھارتی اقدامات مسترد کرنے کے حکومتی فیصلے کی بھرپور تائید کی اور مسئلہ کشمیر پر بھارتی اقدامات مسترد کرنے کے حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں