اسلام آباد (ڈیلی اردو) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں جو بینرز لگائے گئے اس پر انتظامیہ حرکت میں آئی۔ بینرز پاکستان کے خلاف نہیں بلکہ بھارت کیخلاف تھے۔ بینرز مسلم لیگ نواز گوجرانوالہ کے صدر نے لگوائے تھے۔ بینرز لگوانے اور لگانے والے پکڑے گئے ہیں۔
جمعہ کو سینیٹر رحمن ملک کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ کے اجلاس سے خطاب میں وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ اب طاقت سے کسی کو دبایا نہیں جاسکتا، کشمیریوں کی جدو جہد ایک اندرونی تحریک بن چکی، بھارت نے کشمیر میں جو کیا ہے اب ہمیں چوکنا ہوکر رہنا ہوگا، جو بھی کام ہو وہ قانون کے مطابق ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جو بینرز لگائے گئے اس پر انتظامیہ حرکت میں آئی۔ بینرز پاکستان کے خلاف نہیں بلکہ بھارت کے خلاف تھے۔ بینرز پر لکھا تھا کہ اکھنڈ بھارت دہشت گرد ہے اور بھارتی وزیر اعظم اکھنڈ بھارت کا خواب پورا کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ بینرز مسلم لیگ نواز گوجرانوالہ کے صدر نے لگوائے تھے۔ انہوں نے کہاکہ بینرز لگوانے والے اور لگانے والے پکڑے گئے، ریاست مخالف سر گرمیاں کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔
https://twitter.com/ICTA_GoP/status/1158817984384835584?s=19
قائمہ کمیٹی کے چیئرمین رحمن ملک نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی وار کرمنل ہے، دنیا اور پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کا ساتھ دے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل حالات سے گزر رہا ہے، بھارت نے کشمیریوں کے ساتھ ظلم کا مظاہرہ کیا۔
بھارت کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کی طرف جا رہا ہے، بھارت کے خلاف حکومت پاکستان کے اقدامات کی تائید کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اب ہمیں بھارتی وزیر اعظم مودی کو ٹارگٹ کرنا ہو گا۔ نریندر مودی کو امریکا نے دہشت گرد قرار دیا تھا۔
رحمن ملک نے کہاکہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستان کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ کمیٹی نے ایف سی اہلکاروں کو 3 ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا پر اظہار برہمی کیا۔
کمانڈنٹ ایف سی معظم جاہ انصاری نے بریفنگ دی کہ 1597 اہلکاروں کو 3 ماہ سے تنخواہ نہیں ملی،فنڈز کی کمی کے باعث تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کر سکے۔ ادائیگی کے لیے 1000ملین روپے درکار ہیں۔
کمیٹی نے ہدایت کی کہ وزارت داخلہ فوری طور پر ایف سی اہلکاروں کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے فنڈز مہیا کریں۔