لاہور (ڈیلی اردو) سانحہ ساہیوال میں سی ٹی ڈی کے اہلکاروں کی فائرنگ سے قتل خلیل کے بھائی جلیل نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی، درخواست میں وفاق، وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سانحہ ساہیوال میں قتل ہونے والے خلیل کے بھائی نے لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی ہے کہ پنجاب حکومت کی جے آئی ٹی کالعدم قرار دیتے ہوئے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے.
درخواست کے مطابق آئی جی پنجاب اہل کاروں اور سی ٹی ڈی حکام کی بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، آئی جی پنجاب نے اختیارنہ ہونے کے باوجود جے آئی ٹی تشکیل دی.
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ جےآئی ٹی سے انصاف کی امید نہیں، اسٹینڈنگ کمیٹی نے بھی جے آئی ٹی کو تحقیقات روکنے کا حکم دیا ہے.
جلیل نے استدعا کی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کےججز پرمشتمل جوڈیشل کمیشن بنانےکاحکم دیا جائے اور جے آئی ٹی کی تشکیل کوغیرقانونی قرار دے کر تحقیقات سے روکا جائے.
یاد رہے کہ 19 جنوری کو ساہیوال میں سی ٹی ڈی کی جانب سے ایک گاڑی پر فائرنگ کی گئی. اس واقعہ میں ایک خاتون اور بچی سمیت چار افراد ہلاک ہوگئے.
واقعے پر ملک بھر سے شدید ردعمل آیا، وزیر اعظم نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیا.